پیپلز پارٹی نے پوزیشن واضح کر دی ، پی ڈی ایم کو نقصان ہو گا، شبلی فراز

 Pakistan,Bilawal Bhutto, Gilgit-Baltistan,opposition,Shibli Faraz
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی نے اپنی پوزیشن واضح کر دی ہے اب اس سے پی ڈی ایم کو نقصان ہو گا جبکہ نواز شریف نے اس پلیٹ فارم کو ذاتی مفاد کی بھینٹ چڑھایا۔

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی طرف سے برطانوی نشریاتی ادارے کو دیے گئے ایک انٹرویو پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کو پہنچنے والے نقصان کے بعد ہو سکتا ہے یہ پشاور کا جلسہ ملتوی کر دیں کیوںکہ سابق وزیراعظم نواز شریف نے تصادم اور انتشار کا راستہ اختیار کیا ، کئی جماعتیں نہیں چاہیں گی کہ سیاسی ذاتی مفاد کے گرد گھومے جبکہ ن لیگ کی اکثریت بھی اس بیانیہ کو پسند نہیں کرتی اور اس کے علاوہ جلد دیگر جماعتیں بھی اس بیانیے سے خود کو الگ کریں گی۔

شبلی فراز نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں پی ٹی آئی کے کامیاب جلسے اور عوامی پذیرائی عمران خان کی قیادت پر اعتماد اور انتخابی فتح کی نوید دے رہے ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام نے بھی اپوزیشن کا کھوکھلا بیانیہ رد کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے دیگر حصوں کی طرح گلگت بلتستان کو ترقی کے قومی دھارے میں شامل کرنا عمران خان کا وژن اور وعدہ ہے۔

واضح رہے کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹوزرداری نے کہا ہے کہ نواز شریف کی تقریر میں براہ راست فوجی قیادت کے نام سنے تو انہیں دھچکا لگا اور انتظار ہے سابق وزیراعظم نواز شریف کب ثبوت پیش کریں گے اور انہیں یقین ہے کہ انہوں نے واضح اور ٹھوس ثبوت کے بغیر نام نہیں لیے ہوں گے۔ عمران خان کی حکومت کو لانے کی ذمہ داری کسی ایک شخص کے کندھے پر نہیں ڈالی جا سکتی۔