یہ طوفان سے پہلے کی خاموشی ہے،ڈونلڈ ٹرمپ

یہ طوفان سے پہلے کی خاموشی ہے،ڈونلڈ ٹرمپ

واشنگٹن :اعلیٰ امریکی عسکری قیادت سے ملاقات کے بعدتصویر کھچواتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ یہ طوفان سے پہلے کی خاموشی ہے، ابھی تک واضح نہیں کیا کہ ان کا اشارہ کس طوفان کی طرف ہے۔ عسکری قیادت سے ملاقات کے دوران صدر ٹرمپ کی ایران اور شمالی کوریا کے جوہری پروگرام کے حوالے سے بات چیت ہوئی ہے۔

دوسری جانب وائٹ ہاوس ذرائع کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ آئندہ ہفتے ایران کے ساتھ جوہری معاہدے کے حوالے سے صدارتی تصدیق نہیں کریں گے جس کے بعد ممکن ہے کہ امریکی کانگریس ایران کے خلاف ایک مرتبہ پھر پابندیاں عائد کر دے۔

تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ واضح طور پر کانگریس کو پابندیاں لگانے کی تجویز بھی پیش نہیں کریں گے۔وائٹ ہاوس میں امریکی عسکری قیادت سے ملاقات کے بعد صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران نے اس جوہری معاہدے کی روح کی پاسداری نہیں کی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ انھیں ایران کے جوہری عزائم اور مشرقِ وسطیٰ میں جارحیت کو مکمل طور پر ختم کرنا ہے۔

یاد رہے کہ 2015 میں ایران اور دنیا کی چھ عالمی طاقتوں کے درمیان معاہدہ ہوا تھا جس کے تحت ایران کے جوہری پروگرام پر کچھ پابندیاں لگائی گئی تھیں اور بدلے میں عالمی برادری نے ایران کے خلاف عائد اقتصادی پابندیوں میں کمی کی تھی۔