ارجنٹائن کی 48 برس بعد فیفا ورلڈ کپ تک رسائی خطرے میں پڑ گئی

ارجنٹائن کی 48 برس بعد فیفا ورلڈ کپ تک رسائی خطرے میں پڑ گئی

برلن:  عالمی چیمپئن جرمنی اور انگلینڈ کی ٹیموں نے آئندہ برس روس میں شیڈول فیفا ورلڈ کپ فٹ بال کیلئے کوالیفائی کر لیا، پیرو کے خلاف ڈرا میچ کھیلنے کے بعد سابق عالمی چیمپئن ارجنٹائن کی 48 برس بعد میگا ایونٹ تک رسائی خطرے میں پڑ گئی، ارجنٹائن آخری بار 1970ء میں میگا ایونٹ میں جگہ بنانے میں ناکام رہا تھا۔

آئندہ برس شیڈول ورلڈ کپ کے سلسلے میں کھیلے گئے کوالیفائنگ میچز میں دفاعی چیمپئن جرمنی نے شمالی آئرلینڈ کو 3-1 گولز سے ہرا کر ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کرنے کا اعزاز حاصل کیا، فاتح ٹیم کی جانب سے روڈی، واگنر اور کیمچ نے گولز کئے، انگلینڈ نے سلوانیہ کو 1-0 گول سے ہرا کر میگا ایونٹ میں جگہ بنائی، انگلینڈ کی جانب سے میچ کا واحد اور فیصلہ کن گول کین نے کیا، دو مرتبہ کی عالمی چیمپئن ارجنٹائن اور پیرو کا میچ بغیر کسی گول کے برابری پر ختم ہوا جس کے بعد ارجنٹائن کی میگا ایونٹ تک رسائی خطرے میں پڑ گئی.

ساؤتھ امریکن کوالیفائنگ گروپ میں سے ٹاپ فور ٹیموں نے میگا ایونٹ تک رسائی حاصل کرنی ہے جبکہ ارجنٹائنی ٹیم اس وقت چھٹے نمبر پر موجود ہے اور اس کا ایک میچ باقی ہے، میگا ایونٹ تک رسائی کی امید باقی رکھنے کیلئے ارجنٹائن کیلئے آخری میچ میں فتح لازمی ہو گی، پانچویں پوزیشن حاصل کرنے کے بعد اسے نیوزی لینڈ کے خلاف دو پلے آف میچز کھیلنے ہوں گے۔