انسٹاگرام صارفین کیلئے ایک اور شاندار فیچر سامنے آگیا

انسٹاگرام صارفین کیلئے ایک اور شاندار فیچر سامنے آگیا

نیویارک: انسٹاگرام نے اپنی سٹوریز ڈائریکٹ فیس بک پر شیئر کرنے کا فیچر دنیا بھر میں متعارف کرا دیا اور فیس بک نے اس تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اگر کسی کے پاس یہ فیچر موجود نہیں تو جلد دستیاب ہوگا۔
فیس بک کے ایک ترجمان کے مطابق اب صارفین کے پاس اپنی انسٹاگرام اسٹوریز کو فیس بک اسٹوریز پر شیئر کرسکیں گے، ہم لوگوں کے لمحات شیئر کرنے کے عمل کو ہرممکن حد تک آسان بنانے پر یقین رکھتے ہیں۔اس آپشن میں انسٹاگرام میں ان ایپ کیمرہ سے لی جانے والی تصاویر اور ویڈیوز کو فیس بک اسٹوری میں شیئر کیا جاسکتا ہے جبکہ انسٹاگرام اسٹوری بھی فیس بک پر لگائی جاسکتی ہے۔تاہم فیس بک اسٹوریز کو انسٹاگرام پر شیئر کرنے کا آپشن موجود نہیں۔فیس بک کے مطابق اس سے لوگوں کے لیے ایک ہی طرح کی تصاویر کو مختلف جگہوں پر اسٹوریز کی شکل میں شیئر کرنے کی زحمت نہیں کرنا پڑے گی۔ویسے یہ کافی غیرمعمولی ہے کہ انسٹاگرام فیس بک کے ساتھ اتنی قریبی شیئرنگ کررہی ہو کیونکہ روایتی طور پر یہ دونوں الگ ایپس کے طور پر کام کرتی ہیں۔
مگر یہ بھی واضح ہے کہ اسنیپ چیٹ کے اہم ترین فیچر اسٹوریز میں فیس بک کی دلچسپی کوئی راز نہیں جو کہ جارحانہ انداز میں اسے اپنی ایپس میں پیش کررہی ہے۔ایک سال قبل اسے سب سے پہلے انسٹاگرام کا حصہ بنایا گیا جس کے بعد میسنجر، واٹس ایپ اور فیس بک کی اپنی ایپ میں بھی شامل کردیا گیا۔