سی این جی کی قیمتوں میں اضافے کے بعد 104 روپےفی کلو ہونے کا امکان

سی این جی کی قیمتوں میں اضافے کے بعد 104 روپےفی کلو ہونے کا امکان
کیپشن: فائل فوٹو

کراچی: حکومت کی جانب سے گیس کی قیمتوں میں اضافے کے باعث اب سی این جی ایسوسی ایشنز نے بھی قیمتیں بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت فی کلو گیس کی قیمت 104 روپے ہونے کا امکان ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سی این جی کی قمیت میں اضافے کا فیصلہ سی این جی پمپس مالکان کے اجلاس میں کیا گیا۔سندھ میں آج سے سی این جی کی قیمت میں 22 روپے فی کلو اضافے کا امکان ہے جس کے بعد سی این جی کی فی کلو ممکنہ قیمت 104 روپے تک ہوجائے گی۔


سی این جی ایسوسی ایشن رہنماؤں کا کہنا ہے کہ اندرون سندھ سی این جی کی قیمت 100 روپے کلو قیمت رکھنے کی بات ہو رہی ہے۔دوسری جانب کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد کا کہنا ہے کہ سی این جی کی قیمت بڑھنے کے بعد بسیں نہیں چلا سکیں گے۔


خیال رہے کہ ملک بھر میں گیس کے گھریلو صارفین کی مجموعی تعداد 93 لاکھ 63 ہزار ہے جن کے لیے اب گیس کی قیمت 10 سے 143فیصد تک بڑھا دی گئی۔گھریلو صارفین کے لیے سلیب بھی 3 سے بڑھا کر 7 کر دیے گئے ہیں، پہلا سلیب ہو گا ماہانہ 50 مکعب میٹر تک جس کیلئے فی یونٹ گیس کی قیمت 10 فیصد بڑھائی گئی ہے۔

ملک بھر میں اتنی گیس استعمال کرنے والے صارفین 38 فیصد ہیں اور ان کے بل میں 23 روپے ماہانہ اضافہ ہو گا جو 252 روپے سے بڑھ کر 275روپے ہو جائے گا۔اوگرا نے سی این جی سیکٹر کے لیے بھی گیس 40 فیصد فی یونٹ مہنگی کر دی ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق گیس کی قیمتوں میں اضافے کا اطلاق 27 ستمبر سے ہو گا۔