نواز شریف کی گرفتار شہباز شریف سے ملاقات کی درخواست نیب نے مسترد کر دی

نواز شریف کی گرفتار شہباز شریف سے ملاقات کی درخواست نیب نے مسترد کر دی
کیپشن: فوٹو سوشل میڈیا

لاہور : قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق وزیر اعظم نوازشریف کی ان کے بھائی شہباز شریف سے ملاقات کی درخواست مسترد کردی۔

ذرائع کے مطابق نواز شریف نے آشیانہ ہائوسنگ سوسائٹی کیس میں گرفتار اپنے بھائی سابق وزیر اعلیٰ پنجاب اور موجودہ قائد حزب اختلاف شہباز شریف سے ملنے کیلئےغیر رسمی درخواست کی تھی۔

ذرائع کے مطابق درخواست منظور ہوجاتی تو نوازشریف، مریم نواز اور خاندان کے دیگر افراد شہباز شریف سے ملاقات کرتے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کی قانونی ٹیم شہباز شریف سے ملاقات کے لیے نیب سے رابطہ کرے گی۔ نیب آشیانہ اقبال ہاؤسنگ اسکیم، صاف پانی کیس، اور اربوں روپے کے گھپلوں کی تحقیقات کر رہا ہے، جس میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سمیت دیگر نامزد ہیں۔

خیال رہے کہ کل نیب نے سابق وزیراعلیٰ اور قومی اسمبلی  میں اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف کو آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل اور صاف پانی کمپنی کیس میں طلب کر کے گرفتار کر لیا تھا جنہیں آج  احتساب عدالت میں پیش کیا گیا  جہاں نیب پراسیکیوٹر اور شہباز شریف کے دلائل مکمل ہونے کے بعد عدالت نے  10 روزہ جسمانی ریمانڈ دے دیا اور انہیں دوبارہ 16 اکتوبر کو پیش کرنے کا حکم دیا۔