میگا کرپشن کے ملزم شہبازشریف کے دفاع میں ن لیگ کا الیکشن کمیشن کو خط

میگا کرپشن کے ملزم شہبازشریف کے دفاع میں ن لیگ کا الیکشن کمیشن کو خط
کیپشن: image by facebook

اسلام آباد : ن لیگ کے رہنما راجہ ظفرالحق نے چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھ کر میگا کرپشن کے بڑے ملزم کی گرفتاری پر تحفظات کا اظہار کیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ شہبازشریف کی گرفتاری پری پول دھاندلی کے مترادف ہے۔

تفصیلات کے مطابق کرپشن کیس میں گرفتار میاں شہباز شریف کی حمایت میں ن لیگ کھل کر سامنے آگئی، ن لیگی رہنما راجہ ظفرالحق نے اس حوالے سے چیف الیکشن کمشنر کو ایک خط ارسال کیا ہے۔

خط کے متن میں ان کا کہنا ہے کہ قومی احتساب بیورو کے پاس قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کو گرفتار کرنے کا کوئی قانونی جواز نہیں تھا۔

سابق وزیر اعلیٰ پنجاب کو صاف پانی کیس میں عدالت بلاکر آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل میں گرفتار کیا گیا، خط میں راجہ ظفرالحق کا مزید کہنا ہے کہ شہبازشریف کی گرفتاری پری پول دھاندلی کے مترادف ہے کیونکہ ضمنی الیکشن سے پہلے شہبازشریف کی گرفتاری سیاسی انتقام ہے۔

انہوں نے سوال کیا ہے کہ ہیلی کاپٹرکیس اور نندی پوراسکینڈل اس سے بڑے مقدمات تھے مگر ان کیسوں میں کسی کی گرفتاری کیوں نہیں ہوئی؟

خط میں عمران خان کی چیئرمین نیب سے ملاقات سے متعلق کہا گیا کہ ہے کہ اس ملاقات سے حکومت اور نیب کا گٹھ جوڑ بھی ثابت ہوتا ہے،اس کے علاوہ گرفتاری کے بعد وزراء کے بیانات بھی اس گٹھ جوڑ کا پتہ دیتے ہیں۔