'رویت ہلال کمیٹی کو ماہ صفر کے چاند کے غلط اعلان پر معافی مانگنی چاہئے'

'رویت ہلال کمیٹی کو ماہ صفر کے چاند کے غلط اعلان پر معافی مانگنی چاہئے'
کیپشن: پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن والے صرف اپنی قیادت کی رہائی چاہتے ہیں، فواد چوہدری۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فوٹو/ سوشل میڈیا

لاہور: میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے ماہ صفر کے چاند کی تصاویر جاری کرتے ہوئے اسلامی مہینے کے غلط اعلان پر رویت ہلال کمیٹی سے معافی کا مطالبہ کیا ہے۔فواد چودہدری کا کہنا تھا کہ صفر کے مہینے کے لیے تصاویر جاری کر دی ہیں جس سے چاند کی شہادت دیکھی جا سکتی ہے۔

چند روز قبل وزارت رویت ہلال سے متعلق جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر ہونے والے اجلاس میں وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیر نورالحق قادری نے کہا تھا کہ چاند کی رویت کے معاملے پر وزارت مذہبی امور رویت ہلال کمیٹی کے ساتھ کھڑی ہے۔

وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی ویب سائٹ پر یکم صفر کی تاریخ 30 ستمبر بتائی گئی تھی جب کہ رویت ہلال کمیٹی نے یکم اکتوبر سے ماہ صفر کے آغاز کا اعلان کیا۔

فواد چوہدری نے کسی کا نام لیے بغیر کہا کہ ملک کا ایک ایسا بے شعور طبقہ بھی ہے جس سے بات ہی نہیں کی جا سکتی۔ عقل اور شعور رکھنے والا طبقہ بات سمجھ سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ رویت ہلال کمیٹی کو صفر کے مہینے کی غلط اطلاع دینے پر معافی مانگنی چاہیے۔

ان کا کہنا ہے کہ مشین سے چاند نہیں دیکھ سکتے تو پھر عینک سے بھی چاند نہیں دیکھا جا سکتا اور 80 برس کے بابوں کے بجائے نوجوانوں کو چاند دیکھنا چاہیے۔

مولانا فضل الرحمان کی جانب سے نئے انتخابات کے مطالبے پر فواد چوہدری نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کا نئے الیکشن سے کیا تعلق وہ تو 60 سیٹوں سے زائد الیکشن بھی نہیں لڑتے۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کا نئے الیکشن کا مطالبہ بلا جواز ہے جب کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن والے صرف اپنی قیادت کی رہائی چاہتے ہیں جبکہ دونوں جماعتوں کو عوامی مسائل سے کوئی سروکار نہیں ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ہم تو آج بھی کہتے ہیں کہ پیسے دو اور ابو لو لیکن پی پی اور ن لیگ والے بغیر پیسہ دیئے قیادت کی رہائی چاہتے ہیں۔