سعودی ولی عہد کی طیارہ واپس بلانے کی رپورٹ من گھڑت ہے، حکومتی ترجمان

سعودی ولی عہد کی طیارہ واپس بلانے کی رپورٹ من گھڑت ہے، حکومتی ترجمان
کیپشن: وزیراعظم کے لئے طیارہ واپس بلانے سے متعلق خبریں درست نہیں، حکومتی ترجمان۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فوٹو/ سوشل میڈیا

اسلام آباد: وزیر اعظم کے دورہ امریکہ سے متعلق ہفتہ وار میگزین میں شائع رپورٹ کو حکومتی ترجمان کی جانب سے من گھڑت قرار دے دیا گیا۔ حکومتی ترجمان نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کی قیادت کے تعلقات انتہائی خوشگوار اور برادرانہ ہیں۔

حکومتی ترجمان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کے لئے طیارے سے متعلق خبریں درست نہیں  اور اپوزیشن کا پراپیگنڈہ مایوسی کا اظہار اور پاک سعودی تعلقات خراب کرنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعووی ولی عہد کے کہنے پر طیارہ کینیڈا سے واپس نیو یارک نہیں بلایا گیا۔

حکومتی ترجمان نے مزید کہا کہ ترکی، ملائیشیا کے رہنماؤں سے وزیراعظم کی ملاقاتوں سے متعلق نظریہ بھی بے بنیاد ہے۔ ہفتہ وار میگزین کی ‏رپورٹ میں وزیراعظم کی عالمی رہنماؤں سے کامیاب بات چیت کو کمزور کرنے کی کوشش کی گئی۔ یہ رپورٹ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے اقوام متحدہ میں کشمیر کا مقدمہ جاندار طریقے سے لڑنے کی بھی مخالفت ہے۔ عمران خان نے کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی اور بھارتی مظالم کو بہترین انداز میں پیش کیا جس کو عالمی سطح پر پذیرائی ملی۔