وزیراعظم عمران خان  عملی قدم اٹھائیں، سراج الحق کا کشمیر بچاؤ مارچ سے خطاب

وزیراعظم عمران خان  عملی قدم اٹھائیں، سراج الحق کا کشمیر بچاؤ مارچ سے خطاب
Image Source: File Photo


لاہور: امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا   ہے کہ وزیراعظم عمران خان  عملی قدم اٹھائیں، تقریروں سے مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوگا۔

 

تفصیلات کے مطابق ، امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے لاہور میں کشمیر بچاؤ مارچ سے خطاب  کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری پاکستان کی محبت میں کٹ رہے ہیں۔ مجھے امید تھی کہ وزیراعظم باقی سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل کر مسئلہ کشمیر پر کوئی لائحہ عمل بنائیں گے۔

 

انہوں نے کہا کہ سفاک مودی کا اگلا ایجنڈا مظفر آباد اور پاکستان ہیں۔ یہ وہی مودی ہے جس نے گجرات میں دو ہزار مسلمانوں کو شہید کیا تھا، یہی وہ پارٹی ہے جس نے بابری مسجد کو جلایا اور شہید کیا تھا۔

 

سراج الحق  نے کہا کہ آج میں اپنے ملک کے حکمرانوں سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ کشمیر میں دفعہ 370 اور 35A کا خاتمہ اچانک تو نہیں ہوا، یہ تو مودی کے الیکشن کمپین اور پارٹی منشور کا حصہ تھا۔

 

امیر جماعت اسلامی نے سڑکوں پر نکلنے پر اہل لاہور کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آپ لوگوں نے مجھے حوصلہ دیا، لاہور کیساتھ ساتھ پشاور، اسلام آباد اور کراچی کے لوگ بھی ہماری ایک آواز پر باہر نکلے۔

 

تحریک انصاف کی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ معیشت کا بیڑاغرق کر دیا گیا ہے، عوام کا وزیراعظم پر اعتماد ختم ہو چکا ہے۔