نیشنل ٹی ٹونٹی کپ، ٹورنامنٹ میں ذیشان ملک سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی

نیشنل ٹی ٹونٹی کپ، ٹورنامنٹ میں ذیشان ملک سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی

لاہور: نیشنل ٹی ٹونٹی کپ فرسٹ الیون ٹورنامنٹ میں سنسنی خیز مقابلے جاری ہیں۔ سنسنی سے بھرپور اس ٹورنامنٹ میں اب تک کھیلے گئے دس میچوں میں 363 چوکے اور 137 چھکے لگ چکے ہیں۔ راولپنڈی کے رہائشی ذیشان ملک 192 رنز کے ساتھ اب تک ٹورنامنٹ کے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی ہیں۔

ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں جاری ٹورنامنٹ کا پہلا مرحلہ آج ختم ہو جائے گا۔ ایونٹ کا دوسرا مرحلہ 9 اکتوبر سے راولپنڈی میں شروع ہوگا۔ 23 سالہ اوپنر نے اتوار کو سندھ کے خلاف کھیلے گئے لیگ میچ میں 52 گیندوں پر 84 رنز کی اننگز کھیل کر ناردرن کی فتح میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

اب تک ٹورنامنٹ کے 4 میچوں میں 2 نصف سنچریاں بنانے والے ذیشان ملک نے کہا کہ رواں سال فرسٹ الیون میں نام آتے ہی انہوں نے اس ایونٹ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کا عزم کر لیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ وہ ایونٹ کے اختتام پر ٹورنامنٹ کے بہترین بیٹسمین بننے کی خواہش رکھتے ہیں۔

ذیشان ملک کا کہنا ہے کہ بطور کھلاڑی اگر آپ کی نصف سنچری سے ٹیم جیت جائے تو سنچری ادھوری رہ جانا کوئی معنی نہیں رکھتا مگر انہیں امید ہے کہ جس تسلسل سے وہ پرفارمنس دکھا رہے ہیں، وہ اس ایونٹ میں سنچری بنانے کی خواہش پوری کرلیں گے۔

سال 2011 میں اپنے کرکٹ سفر کا آغاز کرنے والے ذیشان ملک نے 2012میں پی سی بی پیپسی کرکٹ اسٹارز انڈر16 کرکٹ ٹورنامنٹ میں شرکت کی۔2013 میں انڈر19کی سطح پر کھیلوں کی سرگرمیوں کا آغاز کیا اور متعدد دوروں پر پاکستان کی نمائندگی کی۔آئی سی سی انڈر19 کرکٹ ورلڈکپ 2016 میں پاکستان کی قیادت کرنے والے ذیشان ملک انڈر 23 کرکٹ میں بھی پاکستان کی نمائندگی کرنے کا اعزاز رکھتے ہیں۔

ذیشان ملک کا کہنا ہے کہ پہلی بار انڈر17 کرکٹ ٹیم کے ساتھ انگلینڈ جانے پر وہ بہت خوش تھے اور وہاں بنائی گئی سنچری آج بھی ان کی بہترین یاد ہے۔ گزشتہ سال قائداعظم ٹرافی فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ میں 216 رنز کی اننگز کھیلنے والے ذیشان ملک اب تک 16 فرسٹ کلاس میچوں میں 33.29 کی اوسط سے 1032 رنز بناچکے ہیں۔

نوجوان کرکٹرکا کہنا ہے کہ انہیں بیٹنگ کا بہت شوق ہے اور ان کی پسندیدہ شاٹ گیند کو کٹ کرنااور کوور ڈرائیو لگانا ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ بچپن سے ہی اپنے خوابوں کی تکمیل کے لیے سردھڑ کی بازی لگانے کی کوشش کرتے رہے ہیں۔ذیشان ملک نے کہا کہ جنوبی افریقہ کے ورلڈ کلاس کرکٹر اے بی ڈویلیئرز اور پاکستان کے تجربہ کارکرکٹر محمد حفیظ ان کے پسندیدہ کرکٹر ہیں اور ان کا مقصد پاکستان کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کرنا ہے۔