سوئی سدرن گیس کمپنی کا بڑے نادہندہ سرکاری ہسپتالوں کی گیس منقطع کرنے کا فیصلہ

سوئی سدرن گیس کمپنی کا بڑے نادہندہ سرکاری ہسپتالوں کی گیس منقطع کرنے کا فیصلہ

کراچی: سوئی سدرن گیس کمپنی کی طرف سے بڑے نادہندہ سرکاری ہسپتالوں کی گيس منقطع کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے انتظامیہ کو 5 دن کی مزید مہلت دیدی گئی ہے۔

تفصیل کے مطابق سوئی سدرن گیس کمپنی نے نادہندہ اداروں کیخلاف کارروائی کیلئے جامع حکمت عملی تیار کر لی ہے۔ 10 اکتوبر تک اواجبات جمع کرانے کے حتمی نوٹسز جاری کرتے ہوئے ذمہ داروں کو اس سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔ کمپنی کی جانب سے نادہندہ اداروں کو 10 اکتوبر تک اپنے واجبات جمع کرانےکے حتمی نوٹسز جاری کر دیئے گئے ہیں۔

ترجمان سوئی سدرن گیس کمپنی کے مطابق این آٸی سی ایچ اور ٹراما سینٹر سميت دیگر ہسپتالوں کی گیس منقطع کرنے کی تیاری مکمل کر لی گٸی ہے۔ دیگر نادہندہ ہسپتالوں میں کراچی سول ہسپتال کا ٹراما سینٹر، سندھ گورنمنٹ ہسپتال، سول سروسز ہسپتال، آٸی سی یو ٹراما سینٹر اینڈ کارڈک سینٹر کورنگی 5 نمبر شامل ہیں۔

ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ متعدد بار نوٹس کے باوجود کسی قسم کی کوٸی بھی پیش رفت نہیں ہوٸی۔ این آئی سی ایچ 52 لاکھ 61 ہزار 37 روپے ،عبدالمجید صحبیانی کھوکھراپار 26 لاکھ 53 ہزار روپے، آٸی سی یو ٹراما اینڈ کارڈک سینٹر کورنگی 5 نمبر 33 لاکھ 11 روپے، کراچی سول ہسپتال کا ٹراما سینٹر 2 کروڑ 78 لاکھ 86 ہزار روپے، سندھ گورنمنٹ ہسپتال نارتھ کراچی 26 لاکھ 32 ہزار روپے،سول سرجن ہسپتال ایم اے جناح روڈ پر 33 لاکھ 98 ہزار سے زاٸد کی رقم واجب الادا ہے۔ 10 اکتوبر کے بعد کسی بھی ڈیفالٹر کے ساتھ کوٸی رعایت نہیں برتی جائے گی۔