باسمتی چاول بارے یورپی یونین میں بھارت کی درخواست کی مخالفت کریں گے: مشیر تجارت عبدالرزاق دائود

باسمتی چاول بارے یورپی یونین میں بھارت کی درخواست کی مخالفت کریں گے: مشیر تجارت عبدالرزاق دائود

اسلام آباد: پاکستان نے یورپی یونین کی مارکیٹ میں بھارت کو باسمتی چاول کا خصوصی جی آئی ٹیگ حاصل کرنے کے دعوے کا بھرپور جواب دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ فیصلہ تجارت کے بارے میں وزیراعظم کے مشیرعبدالرزاق کی زیرصدارت اجلاس میں کیا گیا۔

عبدالرزاق دائود نے واضح طور پر کہا ہے کہ پاکستان یورپی یونین میں بھارت کی درخواست کی بھرپور مخالفت کرے گا اور بھارت کو باستمی چاول کا خصوصی جی آئی ٹیگ حاصل کرنے نہیں دے گا۔ انہوں نے چاول کے پاکستانی برآمدکنندگان اور دوسرے فریقوں کے تحفظات کی حمایت کی اور انہیں یقین دلایا کہ باسمتی چاول کے لئے اُن کے دعوے اور جی آئی کو محفوظ بنایاجائے گا۔

خیال رہے کہ بھارت نے اپنی درخواست میں دعویٰ کیا ہے کہ باسمتی چاول اس کی جغرافیائی نشانی ہے اور یہ بھارت کی پیداوار ہے جب کہ یورپی ریگولیشن 2006 کے مطابق باسمتی چاول اس وقت تک پاکستان اور بھارت دونوں ملکوں کی پیداوار کے طور پر رجسٹرڈ ہے۔ لیکن یہ حقیقت ہے کہ باسمتی چاول پاکستان میں بڑے پیمانے پر کاشت ہوتا ہے۔ اسے اپنی بہترین خوشبو اور ذائقے کی بدولت اسے بھارت کے باسمتی پر فوقیت حاصل ہے۔

پاکستان ہر سال5 سے 7 لاکھ ٹن باسمتی چاول دنیا کے مختلف ممالک کو برآمد کرتا ہے اور بڑی تعداد میں یہ یورپی ممالک میں بھیجا جاتا ہے۔ یورپی یونین نے بھارتی دعوے کی تشہیر اپنی ویب سائٹ پر کی، مگر یورپی قانون کے مطابق 90 روز میں بھارتی دعوے کو چیلنج کیا جا سکتا ہے۔ اگر یورپی یونین میں بھارت کا لیبل باسمتی چاول پر لگ گیا تو اس کا مطلب یہ ہے کہ پاکستان یورپ کو یہ چاول باسمتی کے نام سے برآمد نہیں کر سکے گا۔