کلبھوشن یادو کیلئے وکیل مقرر کرنے کی درخواست پر عدالتی معاونین کی معذرت

کلبھوشن یادو کیلئے وکیل مقرر کرنے کی درخواست پر عدالتی معاونین کی معذرت

اسلام آباد: بھارتی دہشت گرد اور جاسوس کلبھوشن یادو کے لیے وکیل مقرر کرنے کی درخواست پر عدالتی معاونین مخدوم علی خان اور عابد حسن منٹو نے عدالت کی معاونت سے معذرت کر لی ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں کلبھوش کیس میں وکیل مقرر کرنے کی وزارت قانون کی درخواست پر آج 2 بجے سماعت ہوگی۔ اٹارنی جنرل خالد جاوید خان کلبھوشن یادیو کی قونصلر رسائی بارے آج عدالت کو آگاہ کریں گے۔ اس سے پہلے اسلام آباد ہائی کورٹ بھارت اور کلبھوشن یادیو کو دو بار نمائندہ مقرر کرنے کی مہلت دے چکی۔

یاد رہے کہ  وزارت خارجہ بھی تین بار کلبھوشن یادیو کو نمائندہ مقرر کرنے کا موقع دے چکی ہے۔ ذرائع کے مطابق عابد حسن منٹو نے خرابی صحت اور مخدوم علی خان نے ذاتی وجوہات پر معذرت کی۔

پاکستان اس سے قبل بھارت کو کلبھوشن کا وکیل مقرر کرنے کی ایک سے زائد مرتبہ پیشکش کر چکا ہے۔ مگر بھارت ٹال مٹول سے کام لے رہا ہے۔ کلبھوشن یادیو بھی سزائے موت کے فیصلے کیخلاف اپیل کرنے سے انکار کر چکا ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے 3 اگست کو حکم دیا تھا کہ بھارتی ہچکچاہٹ ور کلبھوشن یادیو کے انکار کے باوجود انہیں وکیل مقرر کرنے کا ایک اور موقع دیا جائے۔