بھارت مقبوضہ کشمیر کے آبادیاتی تناسب کو تبدیل کرنے کے درپے ہے، وزیر خارجہ

بھارت مقبوضہ کشمیر کے آبادیاتی تناسب کو تبدیل کرنے کے درپے ہے، وزیر خارجہ

اسلام آباد: وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ایک بار پھر عالمی دنیا کی توجہ اس اہم نکتے کی جانب مبذول کراتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ جموں وکشمیر کے آبادیاتی تناسب کو تبدیل کرنے کے درپے ہے۔

کنزرویٹو فرینڈز آف پاکستان کے ورچوئل اجلاس کے شرکا سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے غیر آئینی اقدامات سے پورے خطے کے امن کو شدید خطرات سے دوچار کیا ہے۔ پاکستان کا مطالبہ ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو فوری رکوایا جبکہ سیکورٹی کونسل کی قراردادوں کی روشنی میں مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کیلئے بھارت پر دباؤ ڈالا جائے۔ بھارت کا جارحانہ رویہ خطے کے امن وسلامتی کے لئے سنگین خطرہ ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ انہوں نے بھارتی رویے پر اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اور سلامتی کونسل کے صدر کو متعدد خطوط لکھے ہیں۔ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں بھارت کی طرف سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا حوالہ دیتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پچھلے سال پانچ اگست کو بھارت نے غیر قانونی اور یکطرفہ طور پر علاقے کی متنازعہ حیثیت تبدیل کرنے کی کوشش کرکے عالمی قوانین کی کھلم کھلاخلاف ورزی کی۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے علاقے میں اضافی فوجی تعینات کئے جوپہلے ہی دنیامیں سب سے بڑا فوجی علاقہ ہے۔ کشمیری رہنماوں کو جیلوں میں ڈال کر اور بے گناہ نوجوان کشمیریوں کا ماورائے عدالت قتل، حق خود ارادیت کیلئے جدوجہد کرنے والوں کےعزم کے خاتمے کے لئے ہتھکنڈے ہیں۔ یہ حقائق انسانی حقوق کی تنظیموں کی رپورٹوں میں عیاں ہیں۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ افغانوں کے درمیان مذاکرات کاآغازاہم اورعلاقائی امن کے لئے مثبت پیشرفت ہے۔ پاکستان نے اس سال کے آغاز میں دوحہ میں امریکہ اور طالبان کے درمیان امن معاہدے کےلئے سہولت فراہم کی۔ ملکی صورتحال کے بارے میں بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کی وبا سے درپیش چیلنج سے قطع نظر موجودہ حکومت کی طرف سے شروع کی گئی ڈھانچہ جاتی اصلاحات کے نتیجے میں بہتری آنا شروع ہو گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری ٹیکس وصولی میں تیس فیصد اضافہ ہوا جبکہ پہلی دفعہ ترسیلات زر بیس ارب ڈالرسے تجاوز کر گئی ہیں۔ ہماری پالیسیوں کی وجہ سے سرمایہ کاروں کے اعتمادمیں اضافہ ہوا ہے۔ برطانیہ کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کے حوالے سے وزیر خارجہ نے کہا کہ دونوں ملکوں میں شاندار تعلقات ہیں اور اسے مزید مستحکم کریں گے۔