صوبے میں پازیٹو کورونا ٹیسٹ والے متاثرہ سکول بند کر دیے، مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا

صوبے میں پازیٹو کورونا ٹیسٹ والے متاثرہ سکول بند کر دیے، مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا

پشاور: مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا کامران بنگش نے کہا ہے کہ صوبے کے جن سکولوں میں کورونا ٹیسٹ مثبت آئے، وہ بند کر دیے گئے ہیں۔

ان کا کہنا تھاکہ خیبر پختونخوا کے سکولوں میں کورونا ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں اور ضلعی سطح پر انتظامیہ کی جانب سے کورونا ایس اوپیز کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ موسم کی تبدیلی کے ساتھ کورونا کے پھیلاوَ کا خدشہ تھا، کورونا ٹیسٹنگ کی استعداد بڑھا رہے ہیں۔

دوسری جانب خیبر پختونخوا حکومت نے سکولوں میں کورونا پھیلنے کے خدشہ کے پیش نظر تمام سکولز میں بریک ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں سکولوں میں صبح اسمبلی کے انعقاد پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔

محکمہ تعلیم خیبر پختونخوا کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق خیبر پختونخوا کے سکولوں کے اوقات میں بھی تبدیلی کر دی گئی ہے۔ ہائی سکول کی چھٹی ایک بج کر 30 پر ہوگی، پرائمری سکولز کے اوقات کار صبح 8 بج کر 30 منٹ سے لے کر 12 بج کر 30 منٹ تک ہوں گے۔ محکمہ تعلیم کی جانب سے انتظامیہ کو اسکولوں میں ایس او پیز پر سخت عمل درآمد کی ہدایت کی گئی ہے۔