حکومت کا بغاوت کے درج مقدمات سے کوئی تعلق نہیں، شہریار آفریدی

حکومت کا بغاوت کے درج مقدمات سے کوئی تعلق نہیں، شہریار آفریدی

لاہور: چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار آفریدی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ کوئی بھی شخص کسی کے خلاف مقدمہ درج کرا سکتا ہے تاہم حکومت کا بغاوت کے درج مقدمات سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

شہریار آفریدی کا کہنا تھا کہ میں نواز شریف کے بیانات پر وزیراعظم کے بیان کی تائید کرتا ہوں۔ ریاستی اداروں کو ہمیں مضبوط بنانا ہے۔ دشمن قوتیں چاہتی ہیں کہ پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کیا جائے۔ نواز شریف نے جب اے پی سی میں تقریر کی اس پر کسی نے پابندی نہیں لگائی لیکن وہ ملک سے باہر بیٹھ کر ریاستی اداروں پر انگلی اٹھائیں، اس کی اجازت نہیں دیں گے۔

چیئرمین کشمیر کمیٹی کا کہنا تھا کہ پاکستان کوئی بنانا ری پبلک نہیں ہے۔ پاکستان کے فیصلے اب باہر نہیں بلکہ اس ملک میں ہوں گے۔ نواز شریف اگر کہتے ہیں کہ ووٹ کو عزت دو تو وہ ملک میں واپس آئیں۔ پاکستان کو ٹارگٹ کرنا صحیح نہیں، اس کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔ نواز شریف پاکستان واپس آکر عدالتوں کا سامنا کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کی سالمیت اور وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ پاکستان کی سالمیت، استحکام اور وقار کیلئے پوری قوم متحد ہے۔

انہوں نے کہا کہ تعلیمی شعبے کی ترقی کیلئے نجی شعبے اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ ٹیکنالوجی کی ترقی نے دنیا کو بدل دیا ہے۔ آزاد کشمیر میں سیکنڈری اور پرائمری اسکولز تعمیر کر رہے ہیں۔ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کو ہر چیز سے محروم کر رکھا ہے۔