پابندیاں عوام کے عزم و جذبے کے آگے زیادہ دیر ٹھہر نہیں سکیں گی، روحانی

پابندیاں عوام کے عزم و جذبے کے آگے زیادہ دیر ٹھہر نہیں سکیں گی، روحانی
کیپشن: ایرانی شہریوں اور دیہاتیوں نے ہمت اور استقامت سے دشمن کی چال کو ناکام بنایا، حسن روحانی۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

تہران: ایران کے صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ امریکا کی جانب سے عائد اقتصادی پابندیوں کے باعث کورونا وبا میں عوام کو شدید مشکلات کا سامنا رہا اور ملکی معیشت کو نقصان پہنچا ہے تاہم طاغوتی سامراج کے آگے سر نہ جھکانے کے فیصلے پر قائم ہیں۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران کے صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ ملک پر کورونا وبا کے دوران امریکی اقتصادی پابندیوں کے بھیانک اثرات رونما ہوئے ہیں جبکہ معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے اور عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے لیکن ان سب کے باوجود طاغوتی قوتوں کے سامنے سر نہ جھکانے کے فیصلے پر قائم ہیں۔

ویڈیو کانفرس کے ذریعے درجنوں منصوبوں کی مشترکہ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر حسن روحانی نے مزید کہا کہ ایرانی شہریوں اور دیہاتیوں نے ہمت اور استقامت سے دشمن کی چال کو ناکام بنایا۔ دشمن کا مقصد ہمیں گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کرنا تھا۔ یہ اقتصادی پابندیاں عوام کے عزم و جذبے کے آگے زیادہ دیر ٹھہر نہیں سکیں گی۔

واضح رہے کہ امریکا نے عالمی جوہری معاہدے میں توسیع سے انکار کرتے ہوئے عالمی معاہدے سے دستبرداری کا اعلان کیا تھا اور اس کے بعد ایران پر کئی اقتصادی پابندیاں عائد کر دی تھیں جو کورونا وبا کے دوران بھی جاری رہی جس سے ایران کو غذا اور ادویات کی فراہمی میں مشکلات کا سامنا رہا۔