لیجنڈ اداکار عمر شریف کی میت کراچی پہنچ گئی

The body of legendary actor Omar Sharif has reached Karachi
کیپشن: فائل فوٹو

کراچی: لیجنڈ اداکار عمر شریف کی میت کراچی پہنچ گئی ہے، انھیں جرمنی سے بذریعہ فلائٹ ترکی سے پاکستان لایا گیا۔ مرحوم کی نماز جنازہ آج عبداللہ شاہ غازیؒ مزار کے احاطے میں ادا کی جائے گی۔

سول ایوی ایشن کے مطابق ترک ائیرلائن کی پرواز TK-708 نے گزشتہ رات بارہ بج کر 53 منٹ پر استنبول سے اڑان بھری، جو آج صبح تقریباً پانچ بج کر 33 منٹ پر کراچی ہوائی اڈے پر لینڈ کی۔

عمر شریف کی بیوہ زرین غزل اور ان کے بیٹے بھی اسی پرواز ذریعے میت کے ہمراہ کراچی پہنچے۔

بعد ازاں عمر شریف کی میت کو کارگو ٹرمینل سے ان کے دیگر اہلخانہ کے حوالے کیا گیا۔ اس موقع پر مداحوں کی بڑی تعداد بھی ایئرپورٹ پر موجود تھی جو اپنے پسندیدہ اداکار کا دیدار کرنے کیلئے بے تاب تھے۔ سیکیورٹی کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے تھے۔

اس کے بعد سخت سیکیورٹی میں عمر شریف کی میت قومی پرچم میں لپیٹ کر ائیرپورٹ سے سرد خانے منتقل کیا گیا۔ مداحوں کی بڑی تعداد بھی ایمبیولینس کے ساتھ قافلے کی صورت میں وہاں پہنچی جنہوں نے میت پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔

یہ بات ذہن میں رہے کہ عمر شریف عارضہ قلب میں مبتلا تھے، انھیں علاج کی غرض سے امریکا لے جایا جا رہا تھا لیکن وہ راستے میں جرمنی میں قیام کے دوران نمونیا کا شکار ہو گئے۔ ڈاکٹروں نے انھیں بچانے کی بھرپور کوششیں کیں لیکن وہ جانبر نہ ہو سکے اور خالق حقیقی سے جا ملے۔

وفات کے بعد عمر شریف کو کچھ دن جرمنی کے شہر نیورمبرگ میں رکھا گیا جہاں ان کی نماز جنازہ ادا کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ نماز جنازہ میں بڑی تعداد میں مسلمان کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی اور مرحوم کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی۔