’ٹی 20 ورلڈکپ میں پاکستان کے خلاف میچ کی کوئی پریشانی نہیں‘

’ٹی 20 ورلڈکپ میں پاکستان کے خلاف میچ کی کوئی پریشانی نہیں‘
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کوچ گیری سٹیڈ کا کہنا ہے کہ ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان کے خلاف پہلے میچ کی پریشانی نہیں، ہم نے ٹورنامنٹ کی اچھی تیاری کی ہے اور پاکستان کیساتھ اچھا مقابلہ کریں گے۔
گیری سٹیڈ نے دورہ پاکستان منسوخ ہونے سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جو کچھ بھی ہوا، وہ افسوسناک ہے مگر اسے تبدیل نہیں کر سکتے، سیریز منسوخ کے باعث پاکستانی کھلاڑیوں کیساتھ ساتھ ہمارے کھلاڑیوں نے بھی کھیلنے کا موقع کھویا ہے۔ 
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈکپ میں گروپس سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے گیری سٹیڈ کا کہنا تھا کہ ہمارا گروپ بہت مشکل ہے لیکن ہم نے اپنی نظریں ایک وقت میں ایک میچ پر ہی مرکوز کر رکھی ہیں، مختصر فارمیٹ کے میگا ایونٹ میں شریک 6 سے 7 ٹیمیں ورلڈکپ جیتنے کی صلاحیت رکھتی ہیں اور ہم بھی اپنی بھرپور کوشش کریں گے۔ 
یاد رہے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم گزشتہ ماہ پاکستان آئی تھی لیکن پہلے ون ڈے سے کچھ دیر قبل ہی سیکیورٹی وجوہات کو جواز بنا کر دورہ منسوخ کر دیا تھا جس پر ناصرف پاکستان کے سابق کرکٹرز، سیاستدانوں اور شائقین کرکٹ نے غم و غصے کا اظہار کیا تھا بلکہ دیگر ممالک میں کرکٹ سے وابستہ متعدد لوگوں نے بھی اس فیصلے پر تنقید کی تھی۔ 
واضح رہے کہ ٹی 20 ورلڈ کپ کا آغاز 17 اکتوبر سے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) اور عمان میں ہو گا جس کے سیمی فائنل 10 اور 11 نومبر کو کھیلے جائیں گے جبکہ ٹورنامنٹ کا فائنل 14 نومبر کو ہوگا۔
پاکستانی ٹیم اپنا پہلا میچ روائتی حریف بھارت کے خلاف کھیلے گی۔ آئی سی سی کے مطابق پاکستان کا دوسرا میچ 26 اکتوبر کو نیوزی لینڈ کے خلاف ہو گا اور تیسرے میچ میں گرین شرٹس 31 اکتوبر کو افغانستان کے خلاف میدان میں اتریں گے۔
آئی سی سی ٹی 20 ورلڈکپ میں شرکت کیلئے ٹیموں کی آمد کا سلسلہ بھی شروع ہو چکا ہے اور بنگلہ دیش کی ٹیم مسقط جبکہ جنوبی افریقہ کی ٹیم یو اے ای پہنچ چکی ہے، بنگلہ دیش کی ٹیم نے راؤنڈ ون کے میچز میں شرکت کرنی ہے جبکہ نیوزی لینڈ سکواڈ کے کھلاڑیوں نے بھی سفر کا آغاز کر دیا ہے۔