نیشنل ٹی 20 کپ میں شریک 4 کھلاڑی کورونا وائرس کا شکار ہو گئے

نیشنل ٹی 20 کپ میں شریک 4 کھلاڑی کورونا وائرس کا شکار ہو گئے
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: قذافی سٹیڈیم لاہور میں جاری نیشنل ٹی 20 کپ کے ابتدائی روز بلوچستان ٹیم کے 4 کرکٹرز کورونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں جن کی رپورٹ مثبت آئی ہے اور اس وجہ سے آج شام 7 بجے شیڈول میچ کا پروگرام بھی تبدیل کر دیا گیا ہے۔ 

ذرائع کے مطابق بلوچستان کی ٹیم میں شامل 4 کھلاڑیوں کے کورونا وائرس کا شکار ہونے کے باعث شام 7 بجے بلوچستان اور نادرن کے درمیان آج شام سات بجے شیڈول میچ کی تاریخ تبدیل کرتے ہوئے 9 اکتوبر کو شیڈول کر دیا گیا ہے جبکہ آج ناردرن اور سدرن پنجاب کے درمیان میچ کھیلا جائے گا۔ 

ذرائع کا کہنا ہے کہ نیشنل ٹی 20 کپ کیلئے بائیو سیکیور ببل میں موجود تمام شرکاءکے کوویڈ 19 ٹیسٹ منگل کو لئے گئے تھے جن میں سے بلوچستان کی ٹیم میں شامل 4 کھلاڑیوں کی رپورٹ مثبت آئی ہے جس پر انہیں 10 روز کیلئے قرنطینہ کر دیا گیا ہے جبکہ سکواڈ میں شامل باقی تمام کھلاڑیوں کی رپورٹس منفی آئی ہیں۔ 

پی سی بی کی جانب سے جاری کئے گئے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ سندھ اور سینٹرل پنجاب کا میچ شیڈول کے مطابق آج کھیلا جارہا ہے لیکن دوسرا میچ ناردرن اور بلوچستان کے مابین کھیلا جانا تھا جسے اب ناردرن اور سدرن پنجاب کے مابین میچ سے تبدیل کردیا گیا ہے۔

اعلامیہ کے مطابق 7 اکتوبر کو بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے مابین میچ بھی شیڈول کے مطابق ہو گا جس کیلئے بلوچستان سیکنڈ الیون کے سکواڈ میں شامل کھلاڑی اپنی فرسٹ الیون کو دستیاب ہوں گے، یہ کھلاڑی ایک سے دوسرے ببل میں منتقل ہوجائیں گے تاہم اس دوران ان کا کوویڈ 19 ٹیسٹ بھی کیا جائے گا۔