سابق وزیراعظم نواز شریف کی کورونا ویکسین کی انٹری سے متعلق اہم انکشاف

سابق وزیراعظم نواز شریف کی کورونا ویکسین کی انٹری سے متعلق اہم انکشاف
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: سابق وزیراعظم نواز شریف کی کورونا وائرس کی ویکسین لگانے سے متعلق اہم انکشاف سامنے آیا ہے کہ جرمنی میں بیٹھے شخص نے انٹری کروانے کیلئے کوٹ خواجہ سعید ہسپتال سے رابطہ کیا۔ 
نجی ٹی وی کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف کی انٹری کرنے والے افراد نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ جرمنی میں بیٹھے شخص نے کوٹ خواجہ سعید ہسپتال رابطہ کیا اور نوید نامی شخص نے وارڈ بوائے عادل رفیق سے جعلی انٹری کروائی۔ 
رپورٹ کے مطابق ہسپتال انتظامیہ نے چوکیدار کو ڈیٹا انٹری آپریٹر بنا رکھا تھا اور عادل رفیق نے چوکیدار سے سابق وزیراعظم نواز شریف کی جعلی انٹری کروائی جبکہ دونوں ملازمین جعلی اندراج کے 1500 سے 2500 روپے لیتے تھے۔ 
ذرائع کے مطابق پولیس نے ملزمان کے موبائل فونز فرانزک کیلئے بھجوا دئیے ہیں اور مزید تفتیش کی جا رہی ہے جبکہ موبائل فونز کے فرانزک کے دوران مزید معلومات سامنے آنے کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔