"اے وطن تو سلامت رہے تا قیامت رہے “، ملک بھر میں آج 52واں یوم دفاع منایا جا رہا ہے

اسلام آباد:ملک بھر میں 52 واں یوم دفاع پاکستان آج ملی جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے جب کہ اس موقع پر شہداءکی یاد گاروں پر پھول چڑھائے جائیں گے اور فاتحہ خوانی کی جائے گی۔قوم آج یوم دفاع اس عزم کی تجدید کے ساتھ منارہی ہے کہ مادر وطن کو در پیش تمام خطرات کا مقابلہ کیا جائے گا جب کہ اس موقع پر شہدا کو خراج عقیدت بھی پیش کیا جائے گا۔

یوم دفاع کے موقع پر آج اسلام آباد میں دن کا آغاز 31 جب کہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21،21 توپوں کی سلامی سے ہوگا۔ مساجد میں نماز فجر کے بعد ملک کی ترقی اورخوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی۔شہداءکے لیے فاتحہ اور قرآن خوانی بھی ہوگی جب کہ دن کی مناسبت سے ملک بھر میں مختلف تقریبات ہوں گی۔ شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے ملک بھر میں پاک فوج کے زیر اہتمام خصوصی تقاریب اور ائر شوز کا اہتمام کیا جائے گا۔ پشاور میں بھی یوم دفاع پاکستان کی مناسبت سے پاک فوج کے زیر اہتمام کرنل شیر خان اسٹیڈیم میں خصوصی تقریب کا اہتمام کیا جائے گا اور کوئٹہ میں بھی پاک فوج کے زیر اہتمام عسکری میلے کااہتمام کیا جائے گا۔

یوم دفاع پاکستان کے سلسلے میں تمام کنٹونمنٹس کے ساتھ مختلف شہروں میں پروقار تقاریب کا اہتمام کیاجائے گا اور ہلال پاکستان لہرانے سمیت 6 ستمبر 1965 کی جنگ میں جام شہادت نوش کرنے اورنشان حیدر پانے والے شہداکی یاد گاروں پر پھول چڑھائے جائیں گے۔ لاہور میں علامہ محمد اقبال اور کراچی میں قائد اعظم محمدعلی جناح کے مزاروں پر گارڈز کی تبدیلی کی تقاریب ہوں گی۔ اس کے علاوہ میجر شبیر شریف شہید (نشان حیدر)، میجر عزیزبھٹی شہید ( نشان حیدر) سمیت دیگر شہداکی آخری آرام گاہوں پربھی خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔