امریکا سے امداد نہیں عزت کے ساتھ تعلقات چاہتے ہیں : آرمی چیف

امریکا سے امداد نہیں عزت کے ساتھ تعلقات چاہتے ہیں : آرمی چیف

راولپنڈی :آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاامریکا سے امداد نہیں عزت کے ساتھ تعلقات چاہتے ہیں .آرمی چیف نے کہا کہ دنیا  دہشتگردی کیخلاف ہمیشہ ہم سے  ڈو مور کا مطالبہ کرتی ہے اب ہم دنیا سے ڈومور کا مطالبہ کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اگر دہشتگردی کیخلاف ہم نے کام نہیں کیا تو پھر کس نے کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہدا کا خون ہم پر قرض ہے جو قومیں شہدا کو بھول جاتی ہیں تاریخ کبھی انہیں معاف نہیں کرتی.انہوں نے تقریب میں شہداء کے لواحقین کا بھی شکریہ ادا کیا.تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ فوج دہشتگردوں کو ختم کرسکتی ہےلیکن انتہا پسندی پر قابو پانے کیلیے ضروری ہے کہ ہر شہری ردالفساد کا سپاہی ہو .انہوں نے کہا کہ جذبے کا تعلق صرف جنگ سے نہیں قومی ترقی کے ہر پہلو سے ہے.آرمی چیف نے کہا کہ ہمارے دین میں واضح حکم ہے کہ جہاد ریاست کی ذمےداری ہے .جہاد ریاست کا حق ہے اور ریاست کے پاس رہنا چاہیے  .انہوں نے کہا کہ  قومی اتحاد آج وقت کی اہم ضرورت ہے .یقین دلاتاہوں اس خون کی حرمت کا پاس رکھیں گے.

انہوں نے کہا کہ ماضی قریب میں ہم نے بہت نقصان اٹھایا ہے اب دشمن کی پسپائی اور ہماری کامرانی کے وقت ہے۔ہمارا دشمن جان لے ہم کٹ مریں گے لیکن ایک ایک انچ کادفاع کریں گے۔ہم اس جنگ کو جو ہم پر مسلط کی گئی،منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔آرمی چیف نے کہا کہ دنیا ہم سے کہتی ہے کہ "ڈومور "ہم نے دہشتگردوں کیخلاف کامیاب آپریشنز کیے ہیں ان ہم دنیا سے کہتے ہیں کہ"  ورلڈ ڈو مور"۔ انہوں نے کہا کہ عالمی طاقتیں ہاتھ مضبوط نہیں کرسکتیں تواپنی ناکامیوں کاذمےدارہمیں نہ ٹھہرائیں .دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان سے زیادہ کسی ملک  نے کردار ادا نہیں کیا .انہوں نے کہا کہ عالمی طاقتیں اگر ہمارا ساتھ نہیں دے سکتیں تو ہم پر الزام تراشی نہ کریں.ہم جنگ کے خلاف اوربرابری کی بنیاد  پرتعلقات چاہتے ہیں .

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے غیور عوام پرفخرہے جنہوں نے  دہشتگردوں، علیحدگی  پسندوں کویکسرمستردکردیا.بلوچستان کا امن خراب کرنے کی دشمن کی کوششوں پر گہری نظر ہے .

کشمیر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ  لائن آف کنٹرول پر نہتے کشمیریوں کو نشانہ بنانے کا عمل بند کیاجائے.بھارت کو سمجھ لینا چاہیےکہ مقبوضہ کشمیر کی جدوجہد درانداز کی محتاج نہیں.انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی حمایت سے ہمیں کوئی نہیں روک سکتا.

یوم دفاع کے حوالے سےجی ایچ کیو  راولپنڈی میں منعقد مرکزی تقریب میں   اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، قائد حزب اختلاف خورشید شاہ، سینیٹر راجا ظفرالحق، پاکستان میں چین کے سفیر سن وی ڈونگ، وزیر داخلہ احسن اقبال، وزیر خارجہ خواجہ آصف ، وزیر دفاع خرم دستگیر، ایئر چیف مارشل سہیل امان اور نیول چیف ایڈمرل ذکااللہ بھی تقریب میں موجود ہیں۔ تاہم تقریب کے مہمانِ خصوصی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ تھے ۔ آرمی چیف نے کہ  تقریب میں شرکت پر شرکاء کا شکریہ ادا کیا ۔