وزیر اعظم عمران خان نے یوم دفاع کے موقع پر دبنگ بیان دے دیا۔۔

وزیر اعظم عمران خان نے یوم دفاع کے موقع پر دبنگ بیان دے دیا۔۔
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد:  وزیر اعظم عمران خان   نے قوم کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ    یوم دفاع ِپاکستان ہمارے ملی اتحاد و یکجہتی کا بہترین عکاس ہے۔

ترجمان وزیراعظم  کے مطابق  رواں سال یوم دفاع پاکستان نہایت منفرد ہے کیونکہ افواجِ پاکستان نے اپنی شاندار روایات کو برقرار رکھتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں جس کی وجہ سے مادرِ وطن کے استحکام کو مزید دوام ملا ہے۔ "ہمیں پیار ہے پاکستان سے"کا عنوان پوری قوم کی امنگوں اور جذبے کا ترجمان ہے۔


یوم ِدفاع کا جذبہ صرف 6ستمبر تک محدود نہیں بلکہ اسی کی حقیقی روح سال بھر زندہ رہتی ہے۔ اہلِ پاکستان اورافواجِ پاکستان کا یہ جذبہ پوری دنیا دیکھ چکی ہے۔ بالخصوص گزشتہ 17سالوں میں دہشت گردی کے خلاف ہونے والی کٹھن اور غیر روایتی جنگ میں جس طرح ہمارے بچوں،جوانوں، بوڑھوں اور عورتوں نے قربانیاں دی ہیں ان کی مثال نہیں ملتی۔ہم اپنے شہداء اور غازیوں کو سلام عقیدت پیش کرتے ہیں کہ جنہوں نے مادرِ وطن کے دفاع کا فریضہ بخوبی سر انجام دیا۔ میں دہشت گردی او رشدت پسندی کے خاتمے میں افواج پاکستان کی جرأت اور بہترین مہارت کو سراہتا ہوں۔ بلاشبہ قومی ترقی، جمہوریت کی مضبوطی اور عالمی امن کے لئے ان کی کوششیں لائق تحسین ہیں۔
پاکستان پرُامن بقائے باہمی پر یقین رکھتا ہے۔ ہم اپنے تمام ہمسایوں سمیت پوری دنیا کے ساتھ برابری کی بنیادوں پر باہمی تعاون کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔ اس موقع پر میں عالمی طاقتوں پر زور دینا چاہتاہوں کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و تشدد اور جارحیت کی روک تھام کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔ مسئلہ کشمیر کا اقوامِ متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل خطے کے امن کے لئے ناگزیر ہے۔
یومِ دفاع پاکستان کا منایا جانا دراصل دشمن قوتوں کے لئے اس پیغام کا اعادہ ہے کہ قوم نے1965ء اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جس عزم اور جرأت کا مظاہرہ کیا ہے،آئندہ بھی وہ اپنی افواج سے مل کر مادر وطن کی حفاظت کے لئے کوئی کسر نہیں اٹھا رکھیں گے۔ مزید یہ کہ ہم سب مل کر قومی مسائل کا مقابلہ قائد کے اصول ایمان، اتحاد اور تنظیم پر کار بند رہ کر کریں گے۔ آیئے مل کر محنت اور لگن سے ملکی ترقی میں اپنا حصہ ڈالیں۔
آخر میں، میں ایک بار پھر ان تمام شہداء، غازیوں، ان کے اہل خانہ اور رشتہ داروں کو سلام عقیدت پیش کرتا ہوں۔میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ ہم ان کی فلاح و بہبود میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں گے اور یہ کہ دہشت گردی کے منطقی انجام تک بھر پور جدوجہد جاری رکھیں گے۔ افواج پاکستان زندہ باد پاکستان پائندہ باد