نیب نے انتہائی اہم شخصیات کے گرد گھیرا تنگ کرنے کا فیصلہ کر لیا

نیب نے انتہائی اہم شخصیات کے گرد گھیرا تنگ کرنے کا فیصلہ کر لیا
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) نے وزیر دفاع پرویز خٹک، سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی اور میئر کراچی وسیم اختر سمیت دیگر کئی اہم افراد کے خلاف تحقیقات کی منظوری دے دی۔

چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کی زیر صدارت ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں 14 مختلف انکوائریوں کی منظوری دی گئی۔

نیب اعلامیے کے مطابق سابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا و موجودہ وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک کے خلاف انکوائری کی منظوری دی گئی ہے تاہم نیب اعلامیہ میں پرویز خٹک کے خلاف انکوائری کی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔نیب اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ معروف صنعت کار اقبال زیڈ احمد کے خلاف بھی انکوائری کی منظوری دی گئی ہے۔نیب نے کراچی کے مئیر وسیم اختر اور سندھ اسمبلی کے سپیکر آغا سراج درانی اور دیگر کے خلاف بھی انکوائریوں کی منظوری دی ہے۔ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں سابق وائس چانسلر عبدالولی خان یونیورسٹی ڈاکٹر احسان علی اور سابق صوبائی وزیر خیبر پختونخوا نوابزادہ محمود زیب کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی گئی۔

اعلامیے کے مطابق سابق وزیر خوراک بلوچستان اظہار حسین کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی گئی۔اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ سابق رکن قومی اسمبلی سلطان ہنجرا اور سابق سی ای او میپکو چوہدری گفتار کے خلاف بدعنوانی کا ریفرنس دائر کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔اس حوالے سے چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ میگا کرپشن کے مقدمات نمٹانا اولین ترجیح ہے اور ’احتساب سب کے لیے‘ کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔