یاہو نے تمام سروسز کے لیے ایک ہی ایپ جاری کردی

یاہو نے تمام سروسز کے لیے ایک ہی ایپ جاری کردی
کیپشن: فوٹو: فائل

لاہور: یاہو نے مختلف سہولیات کے لیے بہت سی ایپلی کیشنز متعارف کرائی ہوئی ہیں۔ ان ایپس میں میل، سرچ، نیوز روم، موسم، فنانس اور بہت سی دوسری ایپلی کیشنز شامل ہیں۔

اب یاہو نے اینڈروئیڈ صارفین کے لیے تمام سہولیات کی حامل ایک ہی پرسنلائزڈ ایپلی کیشن متعارف کرا دی ہے۔ اس ایپلی کیشن سے صارفین پسندیدہ مقامات کے موسم، دلچسپی کی خبریں، مالیات اور کھیلوں سے متعلق معلومات جان سکتے ہیں۔یاہو کی یہ ایپلی کیشن ان لوگوں کے لیے کافی مفید ہے جو یاہو کی دوسری ایپلی کیشنز استعمال کر رہےہیں۔ اس ایک ایپلی کیشن کو انسٹال کرنے کے بعد انہیں ایک سے زیادہ ایپس استعمال کرنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔

ایپلی کیشن کے انٹرفیس میں سب سے اوپر موسم کی مختصر صورتحال لکھی ہوتی ہے۔ اس کے ساتھ یاہو میل کا لنک ہے، لوکیشن ڈیٹا فعال ہونے کی صورت میں یہ قریبی ریسٹورنٹس اور سٹورز کے کوپنز کے بارے میں بھی معلومات فراہم کرتی ہے۔یاہو فنانس سے آپ انڈیکسز اور شیئر کی معلومات جان سکتے ہیں۔ آخر میں آپ کے ستاروں کا حال لکھا ہوتا ہے۔

اگر آپ کے موبائل میں پہلے سے گوگل ایپ انسٹآل ہے یا سٹوریج کا مسئلہ ہے تو بہتر ہے اس ایپ کو انسٹال نہ کیا جائے۔ ہاں اگر آپ کےموبائل میں اتنی زیادہ سٹوریج ہے کہ اس کا استعمال ہی سمجھ میں نہیں آ رہا تو ضرور اس ایپ کو انسٹال کریں۔