عاطف میاں کا دفاع کرنا فواد چوہدری کو مہنگا پڑ گیا ، مقدمے کیلئے درخواست دائر

عاطف میاں کا دفاع کرنا فواد چوہدری کو مہنگا پڑ گیا ، مقدمے کیلئے درخواست دائر
کیپشن: فوٹو فائل

 اسلام آباد:وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کو عاطف میاں کی تعیناتی کا دفاع کرنا مہنگا پڑ گیا ، رہنما پی ٹی آئی کیخلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ مجریہ 1997ءاور تعزیرات پاکستان کی دفعات کے مطابق مقدمہ درج کرنے کیلئے درخواست دائر کر دی گئی ہے۔

ضیاءالرحمان گوندل ایڈووکیٹ کی جانب سے ایس ایس پی اسلام آباد کو دی گئی درخواست میں کہا گیا ہے کہ عقیدہ ختم نبوت اسلام کی بنیاد ہے اور عقیدہ ختم نبوت پر یقین رکھے بغیر مسلمان ہونا ممکن نہ ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے اپنے عہدے کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے دستور پاکستان مجریہ 1973ءکے تحت غیر مسلم قرار دئیے گئے منکرین ختم نبوت گروہ / قادیانیوں کا بھرپور دفاع کیا اور منکرین ختم نبوت کے خلاف بات کرنے والوں کو انتہاءپسند قرار دیا۔

اس طرح اس نے تمام مسلمانوں کو انتہاءپسند قرار دے کر معاشرے میں خوف و ہراس اور ہیجان کی لہر دوڑا دی۔ فواد چوہدری کے اس بیان سے میری اور تمام مسلمانوں کی سخت دل آزاری ہوئی ہے اور مذہبی جذبات کو شدید ٹھیس پہنچی ہے۔ فواد چوہدری نے اس بیان سے متفقہ دستور پاکستان کا مذاق اڑایا۔ جو پاکستان میں مذہبی فسادات کرانے کی مذموم سازش بھی ہے۔

فواد چوہدری نے اپنے عہدے کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے عقیدہ ختم نبوت کو ماننے والوں کی شدید دل آزاری کی ہے اور ملک میں مذہبی فسادات کروانے کی ناپاک کوشش کی ہے۔ فواد چوہدری کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ مجریہ 1997ءاور تعزیرات پاکستان کی دفعات کے مطابق مقدمہ درج کر کے قرار واقعی سزا دلوائی جائے۔