دہشت گردی کے ساتھ ساتھ بھوک، افلاس اور ناخواندگی کیخلاف بھی جنگ لڑنی ہو گی ، آرمی چیف

 دہشت گردی کے ساتھ ساتھ بھوک، افلاس اور ناخواندگی کیخلاف بھی جنگ لڑنی ہو گی ، آرمی چیف
کیپشن: فوٹو/ اسکرین گریب نیو نیوز

راولپنڈی :آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے یوم دفاع وشہدا کی تقریب سے خطاب میں کہا کہ دہشت گردی کے ناسور کا ملکر مقابلہ کیا اور بے مثال کامیابی حاصل کی۔

تفصیلات کے مطابق جی ایچ کیو میں یوم دفاع کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ یوم دفاع شہدائے پاکستان سے اظہار یکجہتی کا دن ہے ۔ دفاع پاکستان کے لئے ہم سب یکجا ہیں۔ 6ستمبر 1965کا دن ہمار ی تاریخ کا ایک اہم دن ہے جب پاکستان کی فوج نے قوم کی مدد سے مکار دشمن کے دانت کھٹے کئے ۔ہمارے جوان آگ میں کود پڑے لیکن وطن پر آنچ نہیں آنے دی ۔دفاع وطن کے لئے ہم سب یکجان ہیں۔

انہوں نے کہا کہ زندہ قومیں اپنے شہداءکوکبھی نہیں بھولتیں اور اپنے شہدا کو بھولنے والی قومیں مٹ جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 1965اور 1971کی جنگوں سے بہت کچھ سیکھا ۔ ہم نے اپنا دفاع ناقابل تسخیر کرلیا ، ہم نے ملک کو ایٹمی قوت بنایا لیکن بعد میں ہمیں دہشت گردی کے ذریعے اندرونی طورپر کمزور کرنے کی کوشش کی گئی ۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 70ہزار پاکستانی شہید اور زخمی ہوئے ،ہمارے گھروں ، سکولوں اور قائدین پر حملے کئے گئے ۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ملکی یکجہتی، استحکام کے لیے جمہوریت کا تسلسل بہت ضروری ہے، آج کی تقریب میں تمام سیاسی جماعتوں کے نمائندے شریک ہیں۔ ہمیں دائمی امن کی منزل پرپہنچنا ہے، دہشت گردی کے ساتھ ساتھ بھوک، افلاس اور ناخواندگی کیخلاف بھی جنگ جاری رہنی چاہیے۔