عبدلرزاق کی فرسٹ کلاس کرکٹ میں شاندار واپسی

عبدلرزاق کی فرسٹ کلاس کرکٹ میں شاندار واپسی
کیپشن: فوتو بشکریہ عبدالرزاق آفیشل ٹوئٹر

لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق مایہ ناز اور جارحانہ آل راؤنڈر عبدالرزاق جن کو دیکھ کہ لگتا ہے کہ وہ آج بھی ماضی کی طرح فٹ ہیں انہوں نے  فرسٹ کلاس کرکٹ میں واپسی کا فیصلہ کیا اور اپنے پہلے ہی میچ میں خطرناک پرفارمنس دیکر سب کیلئے خطرے کی گھنٹی بجا دی ۔ 

عبدالرزاق نے ڈومیسٹک کرکٹ کھیل کر فٹنس اور کارکردگی ثابت کر کے پی ایس ایل میں جگہ بنانے کا اعلان کیا اور آج انہوں نے عملی طور پر اس کا آغاز بھی کر دیا ہے۔ وہ قائداعظم ٹرافی میں پی ٹی وی ٹیم کی نمائندگی کر رہے ہیں جس نے آج ملتان کیخلاف اپنا میچ کھیلا۔ عبدالرزاق نے عمدہ باؤلنگ کے ذریعے نوجوان کھلاڑیوں کو بھی حیران کر دیا اور 5 اوورز میں صرف 14 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھا کر سب کیلئے خطرے کی گھنٹی بجا دی۔

ملتان ریجن کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے صرف 138 رنز ہی بنا سکی۔ پی ٹی وی کی ٹیم نے مقررہ ہدف 2 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا اور جب عبدالرزاق کی باری آئی تو انہیں صرف 2 گیندیں ہی کھیلنے کو مل سکیں جن پر ایک سکور بھی بنایا اور ناٹ آؤٹ بھی رہے جبکہ ان کی ٹیم میچ بھی جیت گئی۔

عبدالرزاق نے پہلے ہی میچ میں عمدہ کارکردگی پر خوشی کا اظہار کیا اور سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنی تصویر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ وہ اگلے میچوں میں مزید بہتر کارکردگی کیلئے پرامید ہیں۔

72df2faf3de2101d599080d10fa9e774

اپنی جارحانہ بلے بازی کی وجہ سے ایک خاص مقام رکھنے والے سابق آل راؤنڈر نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں اچھا کھیل پیش کر کے پی ایس ایل ڈرافٹ کا حصہ بنوں اور پھر ایونٹ میں بھی حصہ لوں، اگر فٹنس اور کارکردگی اچھی رہی تو یقیناً بطور کھلاڑی بھی صلاحیتوں کا اظہار کروں گا۔

خیال رہے کہ عبدالرزاق پی ایس ایل فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ساتھ بطور باؤلنگ کوچ منسلک رہے جبکہ انہوں نے قومی ٹیم کی جانب سے 46 ٹیسٹ،265 ون ڈے اور 32 ٹی 20 میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کرنے کا اعزاز بھی حاصل کررکھا ہے۔