سعودی عرب پاکستان میں اربوں کی سرمایہ کاری پر آمادہ

10:55 PM, 6 Sep, 2018

اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داود نے دعوی کیا ہے کہ بہت جلد سعودی سرمایہ کار پاکستان میں اربوں روپے کی سرمایہ کاری کریں گے۔

انہوں نے یہ بات سعودی نائب وزیر تجارت کی قیادت میں اعلی سطحی وفد سے ملاقات کے بعد کہی۔ عبدالرزاق داد نے کہا کہ سعودی وزیر اور سرمایہ کاروں کے وفد سے مثبت بات چیت ہوئی ہے۔سعودی عرب کے سفیرنواف المالکی نے بھی ملاقات کو مثبت اورخوش آئند قرار دیا۔

پاکستان نے ملاقات کے دوران اس خواہش کا اظہار کیا کہ سعودی عرب کے سرمایہ کار ہائیڈرو کیمیکل، فوڈ، زراعت اور دیگر اہم شعبوں میں سرمایہ کاری کریں۔ پاکستان کے مشیر تجارت عبدالرزاق داود کا کہنا ہے کہ پہلی مرتبہ سعودی عرب کی جانب سے بہت بڑی سرمایہ کاری کی نوید دی گئی ہے۔

پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کے وفد نے اس بات کا اظہار کیا کہ وہ برادر اسلامی ملک پاکستان کے ساتھ ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر آگے بڑھنا چاہتے ہیں اورخواہش مند ہیں کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت کو فروغ دینے کے مواقع تلاش کیے جائیں۔

نواف سعید المالکی نے یقین دہانی کرائی کہ سعودی سرمایہ کاروں کا وفد پاکستانی تاجروں کے ساتھ ملاقاتیں کرے گا۔

سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی نے بتایا کہ سعودی سرمایہ کارپٹرو کیمیکل اور دیگر اہم شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔

مزیدخبریں