شہدا کی قربانیوں کو ضائع نہیں ہونے دیں گے، شہباز شریف

شہدا کی قربانیوں کو ضائع نہیں ہونے دیں گے، شہباز شریف
کیپشن: اللہ تعالی شہداء کے درجات کو بلند فرمائے اور اہل خانہ کو صبر جمیل دے، شہباز شریف۔۔۔۔۔۔فوٹو/ اسکرین گریب

لاہور: اپوزیشن لیڈر شہباز شریف آج یوم دفاع کے موقع پر لانس نائیک تیمور اسلم شہید کے گھر آئے اور بے مثال جرات و بہادری پر شہید کو خراج عقیدت پیش کیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ شہدا قوم کا عظیم سرمایہ ہیں اور ان کی قربانیوں کو ضائع نہیں ہونے دیں گے۔

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا کہ مادر وطن کے دفاع تحفظ اور سلامتی کے لئے اپنی جانوں کے نذرانے دینے والے ہمارے اصل ہیرو ہیں۔ مسلح افواج اور قوم وطن عزیز کی آزادی و خود مختاری اور سلامتی کے لئے متحد اور یک جان ہیں۔

اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ شہدا کے اہل خانہ کی پوری قوم قرض دار ہے اور ان کے عظیم حوصلے کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ اللہ تعالی شہداء کے درجات کو بلند فرمائے اور اہل خانہ کو صبر جمیل دے۔

انہوں نے کہا کہ لانس نائیک تیمور اسلم 15 اگست کو ایل او سی پر شہید ہو گئے تھے۔ تیمور شہید قوم کا سرمایہ ہیں اور شہادت کو یاد رکھا جائے گا۔ شہباز شریف نے کہا کہ پاک فوج نے دشمن کو عبرت ناک شکست دی۔