پاکستانی قوم کا اتحاد دشمن کا ہر ناپاک منصوبہ ناکام بناسکتا ہے، شہباز شریف

پاکستانی قوم کا اتحاد دشمن کا ہر ناپاک منصوبہ ناکام بناسکتا ہے، شہباز شریف

اسلام آباد:  مسلم لیگ (ن) کے صدر اورقومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم کا اتحاد دشمن کا ہر ناپاک منصوبہ ناکام بنا سکتا ہے،وطن عزیز کیلئے شہدا کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔

انہوں  نے یوم دفاع کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں کہا کہ یوم دفاع دشمن کے خلاف پاکستان کے ایک ہونے کا دن ہے اور یہ دن پیغام ہے کہ پاکستان کی طرف بڑھتا ہوا ہر قدم اور ہر ہاتھ کاٹ دیں گے۔انہوں نے کہا کہ شہدا، غازیوں اور غیور و بہادر پاکستانیوں کو سلام عقیدت پیش کرتے ہیں جبکہ مادر وطن کے تحفظ، سلامتی اور دفاع کے لیے شہدا کی عظیم قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم جنگ ستمبر کے ہیروز کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے دشمن کے عزائم خاک میں ملا دیے اور آج کے دن کا پیغام ہے کہ پاکستانی قوم کا اتحاد دشمن کا ہر ناپاک منصوبہ ناکام بنا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قوم بری فوج، بحریہ اور پاک فضائیہ کو سلام پیش کرتی ہے جبکہ قوم کو اپنی مسلح افواج پر ناز ہے۔ قائد حزب اختلاف نے کہا کہ آج کے دن کا تقاضا ہے ہم پاکستان کو معاشی طور پر طاقتور، توانا اور خوشحال بنائیں۔ پاکستان کو معاشی اور اقتصادی طور پر طاقتور بنانا دفاع پاکستان کا ایک لازمی تقاضا ہے۔