عمران خان کو دہشت گردی کیس میں شامل تفتیش ہونے کا حکم 

عمران خان کو دہشت گردی کیس میں شامل تفتیش ہونے کا حکم 

اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایڈیشنل سیشن جج زیبا چوہدری کو دھمکی دینے کے کیس میں پولیس کو انسداد دہشت گردی کی عدالت میں چالان جمع کرانے سے روکتے ہوئے عمران خان کو شامل تفتیش ہونے کا حکم دیدیا ہے اور کیس کی سماعت 15 ستمبر تک ملتوی کر دی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہرمن اللہ اور جسٹس ثمن رفعت امتیاز نے سابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سے خاتون ایڈیشنل سیشن جج زیبا چوہدری کو دھمکی دینے سے متعلق درج مقدمہ خارج کرنے کیلئے دائر درخواست پر سماعت کی۔ 
عمران خان کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے عدالت کے روبرو دلائل پیش کرتے ہوئے کہا کہ پولیس نے عمران خان کے خلاف دہشت گردی کے مقدمے میں نئی دفعات شامل کر لیں جس پر چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے استفسار کیا کہ کیا پولیس نے عمران خان کے خلاف چالان جمع کرایا؟ 
ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نے عدالت کے استفسار پر بتایا کہ عمران خان مقدمے میں شامل تفتیش ہی نہیں ہو رہے اور پولیس کو بھی ان تک رسائی نہیں دی جا رہی، جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ یونیفارم میں کھڑا پولیس اہلکار ریاست ہے، اگرپولیس سے غلطی بھی ہوئی تو اس پرعدالت فیصلہ کرے گی۔ 
چیف جسٹس نے کہا اگرہم قانون پر عمل نہیں کریں گے تو کیسے کسی اورکو قانون پرعمل درآمد کا پابندکیا جائے گا، یہ تفتیشی افسر کیلئے بھی ایک ٹیسٹ کیس ہے، سسٹم پر ہرکسی کو اعتماد ہونا چاہیے اور قانون اپنا راستہ خود بنائے گا، لیکن اگر غلط الزام لگا ہے تو تفتیشی افسر اپنی تفتیش میں خود اسے ختم کر دیں۔
عمران خان کے وکیل نے کہا کہ جرم بنتا ہے یا نہیں، آئندہ ہفتے تک کسی تادیبی کارروائی سے روک دیں۔ عدالت نے تفتیشی افسرکو عمران خان کے خلاف کیس میں شفاف انداز میں تفتیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ یہاں پراسیکیوشن برانچ کا وجود ہی نہیں، اسے کون ایڈوائس کرے گا؟ جے آئی ٹی کی کیا ضرورت ہے ؟ ایک تقریر کے علاوہ کوئی ثبوت ہے؟
اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کو دہشت گردی کے مقدمے میں شامل تفتیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے پولیس کو انسداد دہشت گردی کی عدالت میں چالان جمع کرانے سے روک دیا، عدالت نے حکم دیا کہ چالان جمع کرانے سے قبل اس عدالت میں رپورٹ جمع کرائیں، عمران خان کا بیان لیں، مقدمہ بنتا ہے یا نہیں تفتیشی افسر فیصلہ کرے۔

مصنف کے بارے میں