سٹیٹ بینک نے تمام آن لائن کرنسیز کو غیر قانونی قرار دیدیا

سٹیٹ بینک نے تمام آن لائن کرنسیز کو غیر قانونی قرار دیدیا
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد:سٹیٹ بینک آف پاکستان نے آن لائن کرنسی ورچوئل اور کرپٹو کرنسی کو غیر قانونی قرار دیدیا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق سٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کئے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق کرپٹو اور ورچوئل کرنسی کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے مالیاتی اداروں کو حکم دیا گیا ہے کہ ان کرنسیوں کے ذریعے ہونے والی ایسی کسی بھی ادائیگی کو منظور نہ کیا جائے۔

سٹیٹ بینک نے پاکستان میں تمام بینکوں، مالیاتی اداروں اور ادائیگی کی سہولیات فراہم کرنے والے اداروں کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) اور سربراہان کو نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے کہا ہے ورچوئل کرنسیز (وی سی)، جیسے بٹ کوائن، لائٹ کوائن، پاک کوائن، ون کوائن، داس کوائن، پے ڈائمنڈ وغیرہ یا انیشل کوائن آفرنگز کو حکومت پاکستان نے غیر قانونی قرار دیا ہے۔

پاکستان کے مرکزی بینک کی جانب سے مزید کہا گیا کہ پاکستان میں کسی بھی فرد یا ادارے کو ایسی کرنسیز کی خریدو فروخت کا لائسنس جاری نہیں کیا گیا ہے۔