سونامی کراچی سے شروع ہوئی اور کے پی کے میں ختم ہوئی: آصف زرداری

سونامی کراچی سے شروع ہوئی اور کے پی کے میں ختم ہوئی: آصف زرداری

نوابشاہ: پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی بہت بڑی طاقت ہے، لوگوں کو سمجھ نہیں آتی، سونامی کراچی سے شروع ہوئی اور کے پی میں ختم ہوئی۔

سابق صدر آصف علی زرداری نے پریس کلب کی نئی عمارت کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جمہوریت کے مفاد میں 2013 کے انتخابی نتائج کو تسلیم کیا، حکومت ختم ہوتی تو کرسیوں کی گیم شروع ہو جاتا، اس لیے نواز شریف کا ساتھ دیا۔ میاں صاحب کی حکومت ڈیڑھ سال میں ختم ہونے والی تھی، میاں صاحب نے اچھا صلہ نہیں دیا۔ میاں صاحب 18ویں ترمیم کو رول بیک کرنے کے بارے میں سوچ رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہر شخص کو سیاست کرنے کا حق ہے۔ میاں صاحب کے ساتھ الیکشن میں مقابلہ ہوگا، میاں صاحب بھی اپنے گر آزمائیں ہم بھی آزمائیں گے، ن لیگ کی حکومت خزانے خالی کرچکی ہے، ان سے حساب بھی لیں گے۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ نواب شاہ میرا شہر ہے، میرے والدین یہاں دفن ہیں، یہاں جو بھی کام ہوئے وہ میری بہن نے کیے، فریال نے ورکرز کو سنبھالا ہے، آپ کو سنبھالا ہے۔ ہر کام پاکستان کے فائدے میں کرتے ہیں، ذاتی فائدے میں نہیں۔ ہمیں پتا ہے 25 سال سے رو رہے ہیں کہ پانی کم ہے۔