ایران نے اسرائیل کو عالمی امن کے لیے بڑا خطرہ قرار دے دیا

ایران نے اسرائیل کو عالمی امن کے لیے بڑا خطرہ قرار دے دیا
کیپشن: iran foreign minster jawad zareef

باکو:ایران نے اسرائیل کو عالمی امن کے لیے بڑا خطرہ قرار دے دیا ، وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے کہا کہ پوری دنیا کو فلسطینیوں کے دیرینہ حقوق اور مطالبات کی حمایت میں ایک موقف اختیار کرنا چاہئے۔

تفصیلات کے مطابق ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے وزرائے خارجہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صہیونی ریاست کی جانب سے نہتے فلسطینیوں کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں کے ارتکاب اور پڑوسی ممالک پر حملوں کے باعث نہ صرف خطے بلکہ پوری دنیا کی سلامتی خطرے میں ڈال دی ہے۔

جواد ظریف نے حال ہی میں اسرائیلی فوج کے ہاتھوں غزہ میں نہتے مظاہرین کے قتل عام کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ غزہ میں پرامن مظاہرین کے وحشیانہ قتل عام کی آزادانہ اور شفاف تحقیقات ہونی چاہئیں۔

جب تک فلسطینیوں کو ان کے تمام حقوق منصفانہ طور پر فراہم نہیں کیے جاتے، القدس کو فلسطینی ریاست کا دارالحکومت قرار نہیں دیا جاتا اور غزہ کی پٹی پر مسلط معاشی پابندیاں ختم نہیں کی جاتی ہیں تب تک خطے میں دیر پا امن کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔