لاہور میں چوبیس گھٹنے کے دوران کورونا سے 22 اموات رپورٹ، محکمہ صحت پنجاب

22 deaths reported from Corona during 24 hours in Lahore, Punjab Health Department
کیپشن: فائل فوٹو

لاہور: محکمہ صحت پنجاب کی جانب سے صوبائی دارالحکومت لاہور میں کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز سے آگاہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر میں گزشتہ چوبیس گھٹنے کے دوران کورونا سے 22 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔

محکمہ صحت پنجاب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ لاہور میں کورونا وائرس کے مثبت کیسوں کی شرح 16 اعشاریہ 4 فیصد رہی۔ لاہور میں گزشتہ ایک روز میں کورونا وائرس کی عالمی وبا کے 1 ہزار 19 نئے کیس مثبت آئے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران لاہور میں 6 ہزار 125 کورونا ٹیسٹ کیے گئے تھے جبکہ پورے صوبہ پنجاب میں کورونا سے 56 اموات ہوئیں جن میں ایک بچہ بھی شامل تھا۔ محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ کورونا سے انتقال کرنے والا بچہ دیگر بیماریوں میں بھی مبتلا تھا۔

خیال رہے کہ ملک بھر میں عالمی وبا کورونا وائرس سے گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران مزید 102 افراد انتقال کر گئے ہیں جبکہ مزید 4004 کیسز رپورٹ ہوئے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری ہونے والے اعدادوشمار کے مطابق اموات میں حالیہ اضافے سے ملک میں کورونا وائرس سے اموات کی تعداد 15 ہزار 26 ہو گئی ہے۔

این سی او سی کے مطابق ملک میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 6 لاکھ 20 ہزار 789 ہو گئی ہے۔ گزشتہ روز کورونا کے 41 ہزار 699 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے مزید 4 ہزار 4 کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ مثبت کیسز کی شرح 9.60 فیصد رہی۔

پاکستان میں اس وقت کورونا کے فعال کیسو کی تعداد 64373 جبکہ 620789 اس وبائی مرض سے صحتمند ہو چکے ہیں۔ ڈیٹا کے مطابق صوبہ پنجاب کی حالت سب سے زیادہ خراب ہے جہاں 6731 افراد انتقال کر چکے ہیں۔

ملک کے دیگر علاقوں کی بات کی جائے تو صوبہ سندھ میں 4516، صوبہ خیبر پختونخوا 4496، اسلام آباد پانچ سو اٹھاسی، گلگت بلتستان ایک سو تین، صوبہ بلوچستان میں دو سو بارہ جبکہ آزاد کشمیر میں تین سو اسی شہرہ جاں بحق ہو چکے ہیں۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وبائی کیسز کی تعداد باسٹھ ہزار سات سو پچھتر، صوبہ خیبر پختونخوا 93862، صوبہ پنجاب میں 237594، صوبہ سندھ میں 267238، صوبہ بلوچستان میں 190942، آزاد کشمیر 13713 اور گلگت بلتستان میں 5064 افراد عالمی وبا سے متاثر ہو چکے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آُپریشن سینٹر (این سی او سی) نے کورونا وائرس سے متاثرہ پاکستان کے چھبیس ضلعوں کو خطرناک قرار دیدیا گیا۔

ان اضلاع میں مظفر آباد، سوات، دیر، راولپنڈی، گجرات، شیخوپورہ، سرگودھا، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ہری پور، چارسدہ، صوابی، مالاکنڈ، لوئر دیر، نوشہرہ، پشاور، کوٹلی، میر پور، سیالکوٹ، رحیم یار خان، اوکاڑہ، ملتان، منڈی بہاء الدین، بہاولپور، گوجرانوالہ، فیصل آباد اور لاہور شامل ہیں۔