بغیر امتحان کے اس بار کسی بچے کو پاس نہیں کیا جائے گا،وزیر تعلیم پنجاب

No child will pass this time without examination: Punjab Education Minister
کیپشن: فائل فوٹو

لاہور: صوبائی وزیر تعلیم مراد راس نے واضح کیا ہے کہ بغیر امتحان کے اس بار کسی بچے کو پاس نہیں کیا جائے گا، امتحانات اگر آگے بڑھانا پڑے تو بڑھا دیں گے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز نیشنل کمانڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) اجلاس میں اہم فیصلہ کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ جن شہروں اور اضلاع میں کورونا وائرس کے کیسز بڑھنے کی شرح میں اضافہ ہو رہا ہے وہاں سکول بدستور عیدالفطر تک بند رہیں گے۔

وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے این سی او سی میں ہونے والے فیصلے سے آگاہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ عالمی وبا سے متاثرہ اضلاع میں کلاس ون سے 8 ویں جماعت تک کلاسیں 28 اپریل تک نہیں ہوں گی۔ جن اضلاع میں عالمی وبا کے کیس زیادہ ہیں وہاں 28 اپریل تک کلاسیں نہیں ہوں گی ۔ انہوں نے کہا کہ وبا سے متاثرہ اضلاع میں یونیورسٹی بند ہوں گی جبکہ آن لائن کلاسیں جاری رہیں گی ۔

وفاقی وزیر تعلیم نے کہا کہ 28 اپریل کو دوبارہ اجلاس میں اسکول کھولنے سے متعلق جائزہ لیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اے اور او لیول کے امتحانات کی تاریخ میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی ، امتحانات مکمل ایس او پیز کے ساتھ ہوں گے ۔

شفقت محمود نے کہا کہ 19 اپریل سے نویں سے بارہویں جماعت کے طلبا اسکول آئیں گے ، نویں سے بارہویں جماعت کے امتحانات مئی کے پہلے ہفتے میں ہوں گے جبکہ یونیورسٹیز سے انٹری ٹیسٹ کی تاریخیں بڑھانے کا کہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے 80 فیصد ممالک میں امتحانات ہو رہے ہیں ۔

بعد ازاں این سی او سی کے فیصلے کے بعد صوبائی وزیر تعلیم مراد راس نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں تمام طلبہ اور ان کے والدین کو آگاہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ تمام پہلی جماعت سے آٹھویں تک سرکاری اور پرائیوٹ سکولوں کو عیدالفطر تک بند رکھا جائے گا۔

مراد راس کا کہنا تھا کہ جن علاقوں میں سکولوں کو بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ان میں لاہور، گوجرانوالہ، راولپنڈی، گجرات، ملتان، بہاولہور، سرگودھا، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ڈیرہ غازی خان، رحیم یار خان اور شیخوپورہ شامل ہیں۔ تاہم اس فیصلے پر دو ہفتے بعد دوبارہ نظر ثانی کی جائے گی۔