جہانگیر ترین کی حمایت کرنیوالے ارکان اسمبلی کی فہرستیں تیار، وزیراعظم نے اہم اجلاس طلب کرلیا

Lists of Members of Assemblies who supporting Jahangir Tareen ready, PM calls important meeting
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان نے تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما جہانگیر ترین کے ساتھ  عدالت جا نے والے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کی فہرستیں تیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے اہم اجلاس طلب کر لیا ہے۔ 

نیو نیوز ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے اس اہم اجلاس میں جہانگیر ترین سے رابطہ اور ان کی حمایت کرنے والوں سے متعلق اہم فیصلہ کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اس اہم اجلاس میں شرکت کریں گے۔

خیال رہے کہ جہانگیر ترین آج ضمانت کے سلسلے میں بینکنگ لاہور میں پیش ہوئے تھے۔ اس موقع پر پی ٹی آئی کے اہم رہنما راجہ ریاض سمیت اہم شخصیات ان کے ہمراہ تھیں۔

ذرائع کے مطابق بیکنگ کورٹ پیشی کے موقع پر صوبائی مشیر عبدالحئی دستی، امیر محمد خان، خرم لغاری، اسلم بھروانہ، طاہر رندھاوا، چودھری افتخار گوندل، صوبائی وزیر نعمان لنگڑیال، ایم پی اے زوار وڑائچ نذیر بلوچ بھی پہنچے اور انھیں ساتھ دینے کی یقین دہانی کرائی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے راجہ رہاض کا کہنا تھا کہ جہانگیر ترین کا دامن صاف ہے۔ وزیراعظم عمران خان پی ٹی آئی کے دیرینہ ساتھی کیخلاف کیس دائر کرنے والوں کیخلاف ایکشن لیں۔ عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ جہانگیر ترین کے ساتھ زیادتی ہو رہی ہے، ان کے خلاف انتقامی کارروائیاں بند ہونی چاہیں۔

راجہ ریاض نے کہا کہ جہانگیر ترین نے عمران خان کو ایوان سے اعتماد کا ووٹ دلانے اور پنجاب میں تحریک انصاف کی حکومت بنانے میں اہم کردار ادا کیا تھا میں اور پارٹی کے دیگر رہنما جہانگیر ترین سے اظہار یکجہتی کیلئے عدالت پہنچے ہیں۔

اس موقع پر جہانگیر ترین نے بھی حکومت سے انصاف کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ میں ایک سال سے چپ ہوں، اس سے بڑا وفاداری کا ثبوت کیا ہوگا۔ دوست تھا، مجھے دشمنی کی طرف کیوں دھکیلا جا رہا ہے؟ وزیراعظم ہی انتقامی کارروائی کرنے والوں کو بے نقاب کر سکتے ہیں۔