فیفا نے پاکستان فٹبال فیڈریشن کی رکنیت معطل کر دی

اندرونی تنازعات پر فیفا نے پاکستان فٹبال فیڈریشن کی رکنیت معطل کر دی

لاہور: اندرونی تنازعات پر فیفا نے پاکستان فٹبال فیڈریشن کی رکنیت معطل کر دی ، پی ایف ایف ہیڈکوارٹر پر قبضہ معطلی کی بڑی وجہ بنا ۔

فیفا حکام نے اپنے تحریری فیصلے میں دو ٹوک لکھا کہ فیفا کی بنائی ہوئی ہارون ملک کی سربراہی میں نارملائزیشن کمیٹی کو تمام اختیارات و انتظامات واپس کیے جائیں ، ورنہ پاکستان کی رکنیت معطل رہے گی ۔

اس سے قبل فیفا کے جاری کردہ اعلامیے میں فٹبال ہاؤس پر قبضے کی مذمت کرتے ہوئے نارملائزیشن کمیٹی کیساتھ ہونے والے سلوک پر تشویش کا اظہار کیا گیا تھا ۔

واضح رہے کہ فیفا کے خط میں کہا گیا تھا کہ بدھ 31 مارچ کی رات تک فیڈریشن کا چارج ہارون ملک کے حوالے نہ کیا گیا تو پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے خلاف کارروائی کی جائے گی اور پی ایف ایف کے فٹ بال ہاؤس میں در اندازی کا معاملہ کانگریس اجلاس میں لے جایا جائے گا ۔

خیال رہے کہ پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے معاملات ایک بار پھر الجھ گئے ہیں اور ایک نیا تنازعہ کھڑا ہوگیا ہے ۔ پی ایف ایف میں اس وقت ایک اور تنازعہ پیدا ہو گیا جب پی ایف ایف اشفاق حسین گروپ کے لوگ اشفاق حسین کی سربراہی میں فیفا فٹ بال ہاؤس پہنچ گئے اور معاملات اپنے ہاتھ میں لے لئے جس پر فیفا نے متنبہ کیا کہ اگر فیڈریشن کے حالات بہتر نہ ہوئے تو پاکستان فٹ بال فیڈریشن کی رکنیت کو معطل کر دیا جائے گا ۔

فٹ بال کے کھیل سے وابستہ ماہرین کا کہنا ہے کہ اندرونی حالات نے فیفا کو انتہائی قدم اٹھانے پر مجبور کیا ۔