بلاول بھٹو نے سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس اتوار کو طلب کر لیا

بلاول بھٹو نے سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس اتوار کو طلب کر لیا
کیپشن: بلاول بھٹو نے سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس اتوار کو طلب کر لیا
سورس: فائل فوٹو

کراچی: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی (سی ای سی) کا اجلاس اتوار 11 اپریل کو طلب کر لیا ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی کے سیکرٹری جنرل سید نیئر حسین بخاری کے مطابق سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس اتوار 11 اپریل کو دن ایک بجے بلاول ہاؤس کراچی میں ہو گا۔ نیئرحسین بخاری نے کہا عالمی وبا کے باعث جو اراکین شرکت نہیں کرسکتے وہ ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوں گے۔

دوسری جانب پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر شیری رحمان نے ایک بار پھر مسلم لیگ (ن) کو اپنی روش پر نظرثانی کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ احترام کا رشتہ اور اعتماد بحال رکھیں جبکہ پی ڈی ایم کا جھونکا آتا تو حکومت سنبھل نہیں پاتی اور تحریک انصاف کو سب سے بڑا خطرہ اپنی نااہلی سے ہے ۔

اس سے قبل اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) خود بھی استعفے نہیں دینا چاہتی اور صرف استعفوں کا ملبہ پیپلزپارٹی پر گرانا چاہتی ہے اور (ن) لیگ صرف پیپلزپ ارٹی کو قصور وار ٹھہرانا چاہتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام معاملات کا جائزہ سی ای سی میں لیں گے اور سی ای سی کے بعد استعفے دے بھی دیں تو مسلم لیگ (ن) نہیں دے گی۔

اس موقع پر صحافی نے آصف زرداری کے خلاف سوئس کیس دوبارہ کھولنے سے متعلق سوال کیا جس پر یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ سوئس کیس اوپن اینڈ شٹ کیس ہے اور اس وقت میں خط لکھتا تو میرے اوپر آرٹیکل 6 لگ جاتا۔