تیسرے ون ڈے میں جنوبی افریقہ کو 28 رنز سے شکست، پاکستان نے سیریز 1-2 سے جیت لی

تیسرے ون ڈے میں جنوبی افریقہ کو 28 رنز سے شکست، پاکستان نے سیریز 1-2 سے جیت لی
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

سینچورین: پاکستان کرکٹ ٹیم نے تیسرے اور فیصلہ کن ایک روزہ انٹرنیشنل میچ میں جنوبی افریقہ کو 28 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 1-2 سے اپنے نام کر لی ہے، فخر زمان کے 101 رنز جبکہ محمد نواز کی تین وکٹوں نے میچ کیساتھ سیریز جیتنے میں بھی کلیدی کردار ادا کیا۔ 
تفصیلات کے مطابق سپر سپورٹس پارک سینچورین میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی جس نے مقررہ 50 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 320 رنز بنائے۔ دوسرے میچ میں انتہائی عمدہ بلے بازی کرنے والے فخر زمان آج بھی 104 گیندوں پر 3 چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے 101 رنز بنا کر سب سے نمایاں بلے باز رہے جبکہ بابراعظم نے 82 گیندوں پر تین چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 94 رنز بنائے۔ دیگر بلے بازوں میں امام الحق 57، محمد رضوان 2، سرفراز احمد 13، فہیم اشرف 1، محمد نواز 4 اور حسن علی 32 رنز بنا سکے۔ 
جنوبی افریقہ کی جانب سے کیشوو مہاراج سب سے کامیاب باﺅلر رہے جنہوں نے 10 اوورز میں 45 رنز کے عوض تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور ایڈن مارکرم نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ اینڈیل فیلوک وائیو اور جے سمٹس ایک، ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کر سکے۔ 
ہدف کے تعاقب میں پروٹیز کی ٹیم نے ابتدائی طور پر اچھا کھیل پیش کیا تاہم پاکستانی باﺅلرز نے بہترین کارکردگی دکھاتے ہوئے پوری ٹیم کو 292 رنز پر ڈھیر کر کے میچ کیساتھ ساتھ سیریز میں بھی فتح دلا دی۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے اوپنر جانے من ملان 70 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں ایڈن مارکرم 18، جے سمٹس 17، ٹیمبا باووما 20، کائل ویرائن 62، ہینرچ کلاسن 4، اینڈیل فیلوک وائیو 54، بیورن ہینڈرکس 1، کیشوو مہاراج 19، لوتھو سیپاملا 4 اور ڈارین ڈوپاویلن نے 17 رنز بنائے۔ 
پاکستان کی جانب سے محمد نواز سب سے کامیاب باﺅلر رہے جنہوں نے سات اوورز میں 34 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور شاہین شاہ آفریدی نے بھی 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ حارث رﺅف 2، حسن علی اور عثمان قادر ایک، ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کرنے میں کامیاب ہوئے۔