فخر زمان ابتدائی 50 ون ڈے میچز میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے پہلے پاکستانی بن گئے

فخر زمان ابتدائی 50 ون ڈے میچز میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے پہلے پاکستانی بن گئے
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بلے باز فخر زمان نے جنوبی افریقہ کے خلاف شاندار کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے مزید ریکارڈز اپنے نام کر لئے ہیں۔ 
تفصیلات کے مطابق 30 سالہ فخر زمان نے بدھ کو سینچورین میں کھیلے گئے تیسرے اور فیصلہ کن ایک روزہ میچ میں عمدہ بلے بازی کرتے ہوئے 101 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس کے ساتھ ہی وہ ظہیر عباس کو پیچھے چھوڑتے ہوئے اپنے کیریئر کی ابتدائی 50 اننگز میں پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ 
ایشین بریڈ مین کے نام سے مشہور ظہیر عباس نے کیریئر کی ابتدائی 50 ون ڈے اننگز میں 2,234 رنز بنائے تھے جبکہ فخر زمان نے بدھ کو اپنے ون ڈے کیریئر کی 50 ویں اننگز کے دوران 101 رنز بنا کر مجموعی طور پر تعداد 2,262 رنز بنا لئے اور یوں یہ اعزاز اپنے نام کر لیا۔ 
 دنیا کے تمام بلے بازوں میں جنوبی افریقہ کے ہاشم آملہ ہی وہ واحد کھلاڑی ہیں جنہوں نے ابتدائی 50 اننگز میں فخر زمان سے زیادہ 2,486 رنز بنا رکھے ہیں جبکہ قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے اپنے کیرئیر کے ابتدائی50میچز میں 2,129 رنز بنائے تھے۔
مذکورہ ایک روزہ میچ کے دوران فخر زمان نے امام الحق کے ساتھ پہلی وکٹ کیلئے 112 رنز کی شراکت قائم کی جو ان دونوں کے درمیان پانچویں سنچری شراکت ہے اور یوں دونوں کھلاڑیوں نے پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ سنچری پارٹنرشپ بنانے والی جوڑی ہونے کا اعزاز بھی حاصل کر لیا ہے۔ 
فخر زمان اور امام الحق سے قبل ناصر جمشید، محمد حفیظ اور عمران فرحت ، یاسر حمید کے درمیان چار ، چار سنچری اوپنگ پارٹنرشپس قائم ہوئی تھیں جبکہ سعید انور اور عامر سہیل نے تین مرتبہ پہلی وکٹ پر سنچری شراکت داری قائم کر رکھی ہے۔