ایرانی صدر نے امریکی صدر کو پھر خبردار کر دیا

ایرانی صدر نے امریکی صدر کو پھر خبردار کر دیا

تہران : ایرانی صدر حسن روحانی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو خبردار کیا ہے کہ اگر انھوں نے ایران کے ساتھ ایٹمی معاہدہ ختم کیا تو یہ ٹرمپ کی سیاسی خودکشی ہو گی۔اپنی حلف برداری کی تقریب میں روحانی نے کہا کہ ایران اس وقت تک معاہدے کی شرائط پر عمل کرتا رہے گا جب تک دوسرے دستخط کنندگان بھی ایسا کرتے رہیں۔

اتوار کو میڈیا نے وائٹ ہاو س کے حوالہ سے بتایا کہ ایران معاہدے کی پاسداری کر رہا ہے تاہم صدر ٹرمپ کے مطابق ایران اس معاہدے کی روح کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔امریکہ کا کہنا ہے کہ پابندیوں کا تعلق ایران کے میزائل پروگرام سے ہے اور الزام لگایا ہے کہ ایران دہشت گرد تنظیموں کی حمایت کرتا ہے جبکہ ایران کا کہنا ہے کہ یہ پابندیاں ایٹمی معاہدے کے منافی ہیں۔

صدر روحانی نے سرکاری ٹیلی ویژن پر کہا ہے کہ انھیں 'عالمی سیاست میں نوواردوں' سے کچھ لینا دینا نہیں ہے، اور 'پرانے لوگوں' پر زور دیا کہ وہ اس ایٹمی معاہدے کو ایک مثال کے طور پر دیکھیں کہ بین الاقوامی تعلقات کیسےنبھائے جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 'وہ لوگ جو ایٹمی معاہدے کو پھاڑ کر پھینکنا چاہتے ہیں انھیں معلوم ہونا چاہیے کہ وہ اپنی سیاسی زندگی کو چیر پھاڑ رہے ہیں۔'انھوں نے امریکہ پر الزام لگایا کہ وہ ناقابلِ اعتماد ساتھی ہے۔اسی دوران ایرانی حکام یورپی رہنماوں پر زور دے رہے ہیں کہ وہ ٹرمپ انتظامیہ کا ساتھ نہ دیں۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔