پاکستان کے سب سے بڑے اور اونچے پرچم کو بھارت نے "جاسوس" قرار دے دیا

پاکستان کے سب سے بڑے اور اونچے پرچم کو بھارت نے

امرتسر: پاکستان کی طرف سے بارڈرپر سب سے بڑے پرچم لگانے سے پہلے بھارت نے واویلہ شروع کر دیاہے ۔ بھارتی سکیورٹی حکام کا کہناہے کہ پرچم کو "جاسوس " کے طور پر استعمال کیا جائے گا۔واہگہ بارڈر کے قریب پاکستانی حدود میں 400 فٹ اونچائی پر 120 فٹ چوڑا پاکستانی پرچم لگانے کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں جبکہ یہ پرچم 14 اگست 2017 کو لہرایا جائے گا؛ یہ دنیا کا بلند ترین پرچم بھی ہوگا۔ 

تاہم اب یہ خبر ملی ہے کہ بھارت نے 400 فٹ بلند پاکستانی پرچم کو عالمی معاہدوں کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس کا مقصد پورے امرتسر پر نظر رکھنا ہے جو لاہور کے پہلو میں بھارت کا سرحدی شہر بھی ہے۔

بھارتی میڈیا اس پاکستانی پرچم کے بارے میں طرح طرح کے دعوے کررہا ہے مثلاً ایک خبر میں بتایا گیا ہے کہ پاکستانی جھنڈا نصب کرنے کےلیے جو ٹاور بنایا گیا ہے وہ اتنا اونچا ہے کہ اس سے پورے امرتسر پر نظر رکھی جاسکتی ہے اور اس مقصد کےلیے ٹاور کی چوٹی پر جاسوسی کے کیمرے بھی نصب کیے جائیں گے۔

 بھارتی میڈیا نے اس کے متضاد دعوی کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اس پرچم بردار پاکستانی ٹاور کو اس طرح بنایا جارہا ہے کہ اس کی چوٹی پر بہ یک وقت درجن بھر سے بھی زیادہ پاکستانی فوجی ہر وقت تعینات رہیں گے جن کا اصل مقصد بھارت کے سرحدی شہر امرتسر پر نظر رکھنا اور بھارت کی جاسوسی کرنا ہوگا۔ یہ دعوی اس لیے کیا گیا ہے کیونکہ یہ ٹاور پورے امرتسر میں ہر جگہ سے بہ آسانی دیکھا جاسکتا ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں