پاکستان ایٹمی ہتھیاروں کے معاہدے کی شق پرعملدرآمد کا پابند نہیں،نفیس زکریا

پاکستان ایٹمی ہتھیاروں کے معاہدے کی شق پرعملدرآمد کا پابند نہیں،نفیس زکریا

اسلام آباد:ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا نے کہا ہے کہ پاکستان ایٹمی ہتھیاروں کے معاہدے کی شق پرعملدرآمد کا پابند نہیں ہے، پاکستان ایٹمی ہتھیاروں سے پاک دنیا کے لیے پرعزم ہے.


ایٹمی ہتھیاروں پر پابندی کا نتیجہ خیز غیر امتیازی اور قابل تصدیق معاہدہ ضرورت ہے۔پیر کو اسلام آباد سے جاری اہم بیان میں ترجمان دفتر خارجہ نفیس ذکریا نے کہا ہے کہ ایٹمی ہتھیاروں سے متعلق 2017 کا معاہدہ بنیادی شرائط پرپورا نہیں اترتا، معاہدہ اسٹیک ہولڈرز کے مفادات کا تحفظ کرتا ہے نا اصل مقاصد پورے کرتا ہے.

پاکستان نے اسی وجہ سے معاہدے کی حمایت نہیں کی اور نہ مذاکرات کا حصہ بنا۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان ایٹمی ہتھیاروں کے معاہدے کی شق پرعملدرآمد کا پابند نہیں اور معاہدہ کسی عالمی قانون کے تحت کسی ریاست پرلازم نہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان ایٹمی ہتھیاروں سے پاک دنیا کے لیے پرعزم ہے، ایٹمی ہتھیاروں پر پابندی کا نتیجہ خیز غیر امتیازی اور قابل تصدیق معاہدہ ضرورت ہے، معاہدہ کے لیے جنیوا میں تخفیف اسلحہ کانفرنس انتہائی مناسب فورم ہے۔

ترجمان نے کہا کہ ایٹمی ہتھیاروں کے خاتمے کے لیے عالمی سطح پر مکمل اتفاق رائے کی ضرورت ہے جب کہ ہر ریاست کی دفاعی ضروریات کو بھی مدنظر رکھنا ہوگا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔