صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان کی وزیر خارجہ پاکستان خواجہ آصف سے ملاقات

صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان کی وزیر خارجہ پاکستان خواجہ آصف سے ملاقات

اسلام آباد: صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان کی وزیر خارجہ پاکستان خواجہ محمد آصف سے ملاقات، مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال ، نوجوانوں کی جعلی مقابلوں میں شہادت ، حریت رہنمائوں کی گرفتاریاں، کنٹرول لائن پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزیوں سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ صدر سردار مسعود خان نے خواجہ محمد آصف کو وزارت امور خارجہ کا قلمدان سنبھالنے پر مبارکباد دی اورقوی امید ظاہر کی کہ وہ عالمی سطح پر پاکستان کے اہم ترین مفادات کے تحفظ کے لیے بھر پور کردار ادا کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی افواج اور خفیہ ایجنسیوں نے ظلم و بربریت کا بازار گرم کر رکھا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں لوگوں کے کاروبار اور نجی املاک تباہ کی جا رہے ہیں۔ سکولوں میں زیر تعلیم طلباء و طالبات اور تدریسی عملے کو ہراساں کیا جاتا ہے۔ سوشل میڈیا پر فعال نوجوانوں کو گرفتار کر جعلی مقابلوں میں شہید کر دیا جاتا ہے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے قائدین کو جیلوں میں اذیتیں دی جا رہی ہیں۔ عوام سے روزگار کے ذرائع چھین لیے گئے ہیں۔ مسلسل ہڑتالوں اور کرفیو کی وجہ سے عوام لیے ضروریات زندگی کا حصول ناممکن ہو گیا ہے۔ بعض علاقوں میں فاقہ کشی کی نوبت آچکی ہے۔

صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ پاکستان کی کسی حکومت نے مسئلہ کشمیر پر اصولی موقف سے رو گردانی نہیں کی۔ موجودہ حکومت نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کئے ۔ دنیا بھر میں پاکستانی سفاتخانے بھی اس حوالے سے سرگرم کردار ادا کر رہے ہیں۔ صدر آزاد کشمیر نے عالمی برادری پر زور دیا کہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے دوہرا معیار اور بے حسی کی پالیسی ترک کرے ۔ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں ، مقبوضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے اور غیر کشمیریوں کی وہاں بڑے پیمانے پر آبادکاری کا نوٹس لے۔ انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور نوجوانوں کی ماورائے عدالت ہلاکتوں کو رکوایا جائے۔ 

مصنف کے بارے میں