عائشہ احد نے رانا ثنااللہ کو 2 ارب ہرجانے کا لیگل نوٹس بھجوا دیا

 عائشہ احد نے رانا ثنااللہ کو 2 ارب ہرجانے کا لیگل نوٹس بھجوا دیا

لاہور: نامناسب بیان دینے پر مسلم لیگ (ن) کے رہنما حمزہ شہباز کی مبینہ بیوی عائشہ احد کی جانب سے صوبائی وزیر قانون رانا ثنااللہ کو 2 ارب روپے ہرجانے کا لیگل نوٹس بھجوا دیا گیا۔

عائشہ احد کی جانب سے لیگل نوٹس علی ضیا باجوہ ایڈووکیٹ نے بھجوایا جس میں کہا گیا ہے کہ رانا ثنااللہ نے 6 اگست کو میڈیا پر بیان دیا جس میں عائشہ احد کیخلاف نامناسب الفاظ استعمال کئے گئے جو کسی بھی عورت کی تذلیل ہے جسے کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جا سکتا ۔

لیگل نوٹس کے مطابق عائشہ احد ایک شریف اور پڑھے لکھے خاندان سے تعلق رکھتی ہیں اور رانا ثنااللہ کے اس بیان سے نہ صرف ان کی بلکہ ان کے خاندان کی ساکھ کو شدید نقصان پہنچا ہے اور پورے گھرانے کو شدید ذہنی اذیت کا سامنا بھی کرنا پڑا ۔

لیگل نوٹس میں رانا ثنااللہ کو تنبیہ کی گئی ہے کہ وہ سات روز میں اپنا بیان واپس لے کر معافی مانگیں ورنہ ان کے خلاف دو ارب روپے ہرجانے کا دعویٰ متعلقہ عدالت میں دائر کیا جائے گا۔

یاد رہے گزشتہ روز عائشہ احد نے لاہور میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی خواتین رہنماؤں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان اور ڈاکٹر یاسمین راشد کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ حمزہ شہاز سے ان کی شادی 2010 میں ہوئی تھی اور گزشتہ برسوں میں ان پر دو مرتبہ حملہ کیا گیا جبکہ ایک مرتبہ مسلح موٹرسائیکل سواروں نے ان کی بیٹی کو نشانہ بنایا گیا۔ عائشہ احد نے یہ بھی دعویٰ کیا تھا کہ نواز شریف، شہباز شریف اور کلثوم نواز سمیت شریف خاندان بھی اس 'معاملے' سے باخبر تھا۔

عائشہ احد نے مطالبہ کیا تھا کہ رکن قومی اسمبلی عائشہ گلالئی کے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان پر الزامات کے بعد بننے والی پارلیمانی کمیٹی کی طرح ان کے کیس کے لیے بھی کمیٹی تشکیل دی جائے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں