کرولا گاڑیوں کی سب سے زیادہ فروخت، پاکستان دنیا میں چوتھے نمبر پر پہنچ گیا

کرولا گاڑیوں کی سب سے زیادہ فروخت، پاکستان دنیا میں چوتھے نمبر پر پہنچ گیا

کراچی:  پاکستان میں کرولا گاڑیوں کی فروخت ایشیا پیسیفک خطے میں سب سے زیادہ ہوتی ہے جبکہ دنیا بھر میں پاکستان چوتھے نمبر   پر ہے.

ان خیالات کا اظہار چیف انجینئر کرولا ، ٹیوٹا موٹر کارپوریشن یوشیکی کونیشی نے 26 ویں انڈس موٹر کمپنی (IMC) ڈیلرز کانفرنس کے موقع پر کیا۔کانفرنس کا موضوع ’’ریس ٹو ایس‘‘ تھا، اس موقع پر ڈیلر شپ مالکان، ٹیوٹا موٹر کارپوریشن کے اعلیٰ حکام، ٹیوٹا سوشو کارپوریشن، ہاؤس آف حبیب کی سینئر انتظامیہ، ڈیلر مینجمنٹ، نمائندگان، آئی ایم سی مینجمنٹ و دیگرنے شرکت کی۔

یوشیکی نے اپنے پیغام میں آئی ایم سی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 26 برسوں سے کمپنی کامیابی سے پاکستان میں ٹیوٹا کو فروغ دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنے آغاز کے بعد سے اب تک عالمی سطح پر 44.1 ملین کرولا گاڑیاں فروخت ہوچکی ہیں۔

انڈس موٹر کمپنی کے چیئرمین علی حبیب نے کہا کہ ٹیکنالوجی پورے کاروبار کی صورت تبدیل کررہی ہے جو بڑے نام ٹیکنالوجی کے ساتھ نہیں چل پائے اب وہ ماضی کا حصہ بن گئے ہیں۔ ہمیں چاہیے کہ ہم اپنے ملک میں ٹیکنالوجی میں آنے والی تبدیلیوں کے ساتھ آگے بڑھیں۔ ہم ٹیوٹا کے طریقہ کار کے مطابق اس بنیاد پر عمل پیرا ہیں۔

اس موقع پر 11 ویں جنریشن کی ٹیوٹا کرولا کے نئے ماڈل کو پیش کیا گیا جو پاکستان میں اگست سے دستیاب ہو گی۔چیف ایگزیکٹو آفیسر علی اصغر جمالی نے کہا کہ نہایت اعلیٰ خوبصورتی کا حامل ٹیوٹا کا نیا ماڈل پاکستانی مارکیٹ میں پسند کیا جائے گا ، گاڑی میں نئی خصوصیات جیسے پُش اسٹارٹ، اسمارٹ انٹری، 16 انچ الائے، 9 انچ انفو ٹینمنٹ، نیا انٹیریئر، گاڑی کا مستحکم کنٹرول وغیرہ شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ خاص زور حفاظتی خصوصیات پر دیا گیا ہے جس میں معیاری ڈیؤل ایس آر ایس ، ایئر بیگ،ٹیوٹا کرولا کی تمام گاڑیوں میں شامل کئے گئے ہیں۔ ISO فکس سیٹ اینکر، فرنٹ سیٹ تھری پوائنٹ ای ایل آر، پری ٹینشنر اور فورس لمٹر سیٹ بیلٹ تمام گاڑیوں میں دیئے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ڈیلرز ہمارے قابل اعتماد پارٹنر ہیں جنہوں نے ہمیں اعلیٰ کارکردگی کی حامل کاریں فروخت کرنے میں مدد دی ہے تاکہ وہ معیار کے متلاشی صارفین کو پیش کی جاسکیں۔

مصنف کے بارے میں